کراچی،سی آئی ڈی پولیس کی منگھوپیرکے علاقے میں کارروائی، متعدد وارداتوں میں ملوث تین دہشت گردگرفتار، ملزمان کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے ، ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، خود کش جیکٹس، ہینڈ گرنیڈز اور اسلحہ برآمدہوا ہے، انچارج سی آئی ڈی پولیس

بدھ 12 مارچ 2014 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) سی آئی ڈی پولیس نے منگھوپیرکے علاقے میں کارروائی کرکے ایم اے جناح روڈ پر چہلم حضرت امام حسین کے جلوس کے موقع پر بم دھماکے، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے رہنما علامہ دلدار علی جلبانی، عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن اور آغا حیدر جوس پر فائرنگ، اہل تشیعوں کے جلوس پر فائرنگ میں ذوالجناح کی ہلاکت سمیت قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث تین دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، خود کش جیکٹس، ہینڈ گرنیڈز اور اسلحہ برآمدکرلیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سی آئی ڈی کے انسداددہشت گردی سیل کے انچارج علی رضا نے بدھ کو گارڈن ہیڈکوارٹرزمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ سی آئی ڈی کے انسداد دہشت گردی سیل نے خفیہ اطلاع پر حساس اداروں کے ہمراہ کراچی کے علاقے منگھوپیرمیں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم لشکرجھنگوی کے تین دہشت گردمدثر ،کامران خان اور شاہد کو گرفتار کرکے4 خودکش جیکٹس، 100 کلو دھماکہ خیز مواد، 8 ہینڈ گرینیڈز، 2 کلاشنکوف، 5 کلو نٹ بولٹ اور بال بیرنگ، 5 پستول،30 فٹ ڈیٹونیٹنگ وائر، 200 مختلف اقسام کی گولیاں، متعدد میگنیٹک بم ڈیوائسز سمیت مختلف اقسام کے بم بنانے کے آلات برآمد کرلئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں بتایاکہ گرفتار ہونیو الے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد محرم ا لحرام 2013چہلم کے موقع پر ایم، اے جناح روڈ نزد جناح کمپلیکس کے پاس بم دھماکہ،محرم ا لحرام چہلم ہی کے موقع پر اورنگی ٹاؤن امام بارگاہ کے نزدیک بم دھماکہ،اے این پی کے کارکن قیوم علی عرف عصمت اللہ خان عرف پٹیل ولد سخی غلام،سیدکاشف حسین زیدی ولد اکبر حسین زیدی ،شاداب عرف شیری ولد شاہد حسین ،حمزہ نو شاد ولد نوشاد خان،آغا حیدر جوس نزد مسکن چورنگی پر فائرنگ ، حسین علی، عبدالواحید اور نادر علی کے قتل اور3افرادکو زخمی کرنے،علامی دیدار علی جلبانی اور انکے گارڈ سرفراز علی بنگش،سپارکو روڈ ، بلاول گوٹھ کے پاس اسپیئر پارٹس کے دوکاندار سید سجاد حسین،یونیورسٹی روڈ پر میگنیٹک بم بلاسٹ ، وجاہت نقوی،دوکان کے مالک باپ بیٹے،اہل تشیعوں کے جلوس پر فائرنگ ذوالجناح(گھوڑا) سمیت ایک شخص ہلاک،نیپا چورنگی کے قریب نجی ٹی وی کے ایمپلائی سید حیدر حسن رضوی کی گاڑی پر فائرنگ حیدر حسن رضوی سمیت دو افرا اور دو بچے زخمی کرنے،یونیورسٹی روڈ، ابن سینا اسپتال کے قریب ویلڈنگ کی دوکان پر فائرنگ دو اہل تشیع افرادکا قتل اورڈاکٹر اقبال حسین اور انکی اہلیہ مسمات دلشاد کے قتل سمیت متعددوارداتوں میں ملوث تھے۔

انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش گرفتار دہشت گردوں نے انکشاف کیا کہ انھوں نے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی ہے ، اوروہ ریکی کرنے ، بم بنانے میں مہارت حاصل ہے، خاص کر میگنیٹک بم ڈیوائس بنانے اور استعمال کرنے میں مہارت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گرد مذہبی انتہا پسندی کے حامل ہیں ، اور انتہائی خطرناک ہیں، جو کہ بم دھماکوں کے ساتھ ساتھ سیکٹیرین ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کے ساتھ ان وارداتوں کے ماسٹر مائنڈ بھی ہیں، گرفتار ہونے والے دہشت گردوں نے مزید انکشاف کیا کہ ان سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور اسلحہ شہر میں ہونے والی ممکنہ دہشت گردی کے لیئے استعمال ہونا تھا ۔

حالیہ دہشت گردوں کے خلاف جاری کاروائیوں میں یہ CIDپولیس کی ایک شاندار کاروائی ہے ، اس کاروائی کے نتیجے میں شہر ایک بہت بڑی تباہی سے بچ گیا ہے ۔