پنجاب کے حکمران امیر المومنین بننا چاہتے ہیں ،خزانہ شریف برادران کی جاگیر نہیں ‘ میاں محمود الرشید ،جب بھی شفاف تحقیقات ہوں گی یوتھ فیسٹول کرپشن کی کرپشن سامنے آئے گی ‘ قائد حزب اختلاف کی گفتگو

بدھ 12 مارچ 2014 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب کے حکمران امیر المومنین بننا چاہتے ہیں ‘جمہوری رویے اپنانے کے بجائے اپنی من مانی کر رہے ہیں‘پنجاب کا خزانہ شریف برادران کی جاگیر نہیں عوام ان سے ایک ایک پائی کا حساب لینے کا حق رکھتی ہے ‘سرکاری خزانے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ‘یوتھ فیسٹیول میں ہونے والی کرپشن کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہاکہ (ن)لیگ جتنی مقبول ہے وہ سب جانتے ہیں اگر یہ خود کو مقبول سمجھتے ہیں تو بلدیاتی انتخابات کے نام پر کیونکہ خوف کا شکار ہو جاتے ہیں ۔انہیں ہر صورت بلدیاتی انتخابات کروانا پڑیں گے اور ہم اس کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کے حکمران سرکاری خزانے کو سیاسی مشہوری کیلئے استعمال کر رہے ہیں اور یوتھ فیسٹیول کے نام پر صوبے کے خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگایا گیا ہے جس کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں اور جب بھی شفاف تحقیقات ہوں گی تو نہ صرف کروڑوں روپے کی کرپشن ثابت ہو گی بلکہ حکمرانوں کا اصل چہرہ بھی بے نقاب ہو جائے گا ۔