قبائلی عوام پرامن اور محب وطن ہیں،ملکی دفاع میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،گورنرخیبرپختونخوا، قبائل نے ہمیشہ ملک وقوم کے استحکام و تحفظ کیلئے قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیاں ہمیشہ یادرکھی جائیں گی، وفد سے گفتگو

بدھ 12 مارچ 2014 20:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ قبائلی عوام پرامن اور محب وطن ہیں اورملکی دفاع میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قبائل نے ہمیشہ ملک وقوم کے استحکام و تحفظ کیلئے قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیاں ہمیشہ یادرکھی جائیں گی ۔ گورنر نے توقع ظاہر کی کہ قبائلی عوام ملک وقوم کے تحفظ اورعوام کے بہترمستقبل کیلئے آئندہ بھی قربانیوں سے دریغ نہیں کریں گے۔

وہ بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں باجوڑ ایجنسی کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ وفد کی جانب سے ملک حاجی بہادر شاہ نے گورنرکو عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے اقدامات کامطالبہ کیاجبکہ ایجنسی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر گورنر کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

(جاری ہے)

وفد میں ملک حاجی قادر خان ، میاں مسعود جان ، ملک حاجی جمعہ سید ، ملک سلطان زیب اوردیگر زعماء شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنر محمدداؤد بھی موجود تھے۔

وفدسے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے باجوڑ ایجنسی میں آٹھویں تحصیل ،سب ڈویژن کے قیام کیلئے متعلقہ حکام سے بات کرنے اورقبائلی عوام کی بہتری کیلئے مزید ترقیاتی منصوبے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں۔ گورنرنے وفد میں شامل زعماء کی معروضات غور سے سنیں اور اُن کے حل کیلئے بھرپور تعاون کایقین دلایا۔ گورنرنے کہاکہ قبائلی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔