بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے نوسرباز وں نے وزیراعظم یوتھ لون کے نام پر نیادھندہ شروع کر دیا ،موبائل پر لوگوں کو قرضہ منظور ہونے کے پیغام بھجوائے جانے لگے،عوام کی جانب سے نوسربازوں کیخلاف بہت سی شکایات ملی ہیں، شکایت ملتے ہی سمز بلاک کر دی جاتی ہیں،ترجمان پی ٹی اے،نوسر بازوں کیخلاف کارروائی کرنے کیلئے عوام ایسے ایس ایم ایس ملتے ہی پی ٹی اے کے ٹول فری نمبر پر اطلاع دیں

بدھ 12 مارچ 2014 20:38

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے نوسرباز ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے نوسرباز وں نے اب وزیراعظم یوتھ لون کے نام پر اپنا نیادھندہ شروع کر دیا ہے اور موبائیل پر لوگوں کو پیغام بھجوائے جا رہے ہیں کہ وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کے تحت ان کے لئے قرضہ منظور ہو گیا ہے لہٰذا وہ پیغام میں دئیے گئے نمبروں پر رابطہ کریں۔

اس ضمن میں موبائیل صارفین نے بتایا کہ جب انہوں نے دئیے گئے نمبروں پر رابطہ کر کے بتایا کہ انہوں نے اس پروگرام کے تحت قرض کے حصول کے لئے کوئی درخواست ہی نہیں دی تھی تو ان کا قرضہ کیسے منظور ہو گیا ہے جس پر نوسرباز انہیں موبائیل فون کے زریعے لکی قرعہ اندازی کی نوید سنا کر ان سے دس ہزار روپے کے موبائل کارڈ یا موبائل بینکنگ کے زریعے رقم بھجوانے کی ہدایت کرتے ہیں جسے پراسیس فیس کا نام دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

صارفین کے مطابق اس سے قبل بھی نو سرباز غریب لوگوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر لوٹ چکے ہیں اور اب وہ ایک نئے فراڈ کے ساتھ سامنے آئے ہیں اس ضمن میں جب ”این این آئی “ نے پی ٹی اے سے رابطہ کیا تو ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے بہت سی شکایات ملی ہیں اور شکایت ملتے ہی ہم ایسی سمز بلاک کر دیتے ہیں ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قسم کے ایس ایم ایس ملتے ہی پی ٹی اے کے ٹول فری نمبر 0800-55055 پر فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ ایسے نوسر بازوں کیخلاف کارروائی کی جا سکے۔