روس کے دو سیاست دانوں کا امریکہ کو رواں سال فٹبال ورلڈ کپ سے باہر نکالنے اور فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ،تحریری درخواست امریکی ریپبلکن سینیٹرز مارک کرک اور ڈان کوٹس کے خط کا ردعمل ہے ، سیدیا کن کی گفتگو

بدھ 12 مارچ 2014 19:27

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) روس کے دو سیاست دانوں نے امریکہ کو رواں سال فٹبال ورلڈ کپ سے باہر نکالنے اور فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق روس کی ایوان زیریں ڈوما کے دو ارکان الیگزینڈر سدیاکن اور میخائل مارکلوو نے فیفا میں ایک پٹیشن دائر کی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں سیاست دانوں نے موقف اختیار کیا کہ امریکہ نے نا صرف یوگوسلاویا، عراق اور لیبیا میں جارحیت دکھائی بلکہ شام کے معاملات میں بھی دخل اندازی کی کوششیں کیں۔

سدیاکن کا کہنا ہے کہ ان کی تحریری درخواست امریکی ریپبلکن سینیٹرز مارک کرک اور ڈان کوٹس کے اس خط کا ردعمل ہے، جس میں انہوں نے روس کو عالمی کپ سے باہر نکالنے کا کہا تھا۔سدیاکن نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ آنکھ کے بدلے آنکھ اور گیند کے بدلے گیند جیسا معاملہ ہے۔ امریکہ کو عالمی کپ میں شرکت سے روکا جائے اور ان کی فیفا رکنیت بھی معطل کی جائے۔