رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران مالیاتی خسارہ مجموعی قومی پیدوارکا 3.2فیصد رہا

بدھ 12 مارچ 2014 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مارچ 2014ء)رواں مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں کے دوران ملک کامالیاتی خسارہ مجموعی قومی پیدوار( جی ڈی پی) کا 3.2فیصد رہا جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) نے فروری تک مالی سال کے دوران مالیاتی خسارے کا تخمینہ 3.5 فیصد لگایا تھا۔ حکومت کی مضبوط مالیاتی پالیسی کے نتیجہ میں ملک کے مالیاتی خسارہ کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2013-14ء کیلئے حکومت نے مالیاتی خسارے کا ہدف 6.3 فیصد مقرر کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ملک کو4.2 فیصد کے مالیاتی خسارے کا سامنا تھا جبکہ رواں سال گذشتہ سال کی نسبت سے مالیاتی خسارہ کم ہوکر3.2 فیصد کی سطح پر آگیا ہے اورجولائی تا فروری 2013-14ء کے دوران ملک کو832 ارب روپے کا مالیاتی خسارہ برداشت کرنا پڑا ہے۔