ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان میری فیورٹ ٹیم ہے، وسیم اکرم

بدھ 12 مارچ 2014 12:48

ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان میری فیورٹ ٹیم ہے، وسیم اکرم

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مارچ 2014ء) آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20 کیلیے وسیم اکرم کی فیورٹ ٹیموں میں پاکستان بھی شامل ہے، سابق کپتان نے ٹیم کو مثبت سوچ کیساتھ ایونٹ میں شرکت کا مشورہ دیا ہے۔ان کے مطابق ویسٹ انڈیز اور بھارت بھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، جنید خان کے درست استعمال کی ضرورت ہے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو میڈیا سے بات چیت میں کیا، وسیم اکرم نے کہا کہ مجھے پاکستانی بولنگ لائن پر اعتماد ہے، عمر گل اگر مکمل فٹ ہو تو تہلکہ مچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے میچ میں کسی کو فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا، فیصلہ آخری گیند پر ہوگا لیکن یہ بات طے ہے کہ جو بھی ٹیم ذہنی طور پر زیادہ مضبوط ہوئی وہی فتح سے ہمکنار ہوگی۔

(جاری ہے)

ایشیا کپ کے حوالے سے سوال پر وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور صلاحیتوں سے مالا مال فاسٹ بولرز کی ایک قطار موجود ہے، سری لنکا کیخلاف فائنل میں بولنگ کا درست استعمال نہ ہوسکا، جنید خان اور عمر گل سے موقع کی مناسبت سے گیند نہیں کرائی گئی، انھوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو کپتان بنانے یا نہ بنانے کا فیصلہ بورڈ کو کرنا ہوگا، قبل ازیں ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان میں سری لنکا کی ٹیم پر حملے کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو جانے سے بہت نقصان ہوا، ملک میں 2009 سے انٹرنیشنل میچز نہ ہونے سے قومی کرکٹ کے معیار کا گراف نیچے آرہا ہے، دوسری جانب بگ تھری تنازع کے باوجود ٹیلنٹ کی وجہ سے پاکستان نے دیار غیر میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو قابل تحسین ہے۔

متعلقہ عنوان :