بلدیاتی الیکشن، سپریم کورٹ نے پنجاب اور سندھ سے تاریخیں طلب کر لیں

بدھ 12 مارچ 2014 12:37

بلدیاتی الیکشن، سپریم کورٹ نے پنجاب اور سندھ سے تاریخیں طلب کر لیں

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مارچ 2014ء) سپریم کورٹ نے پنجاب اور سندھ سے بلدیاتی الیکشن کرانے کی تاریخیں کل تک طلب کر لیں۔ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیاں کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ کی فریق بننے کی درخواست کی جسے سپریم کورٹ نے منظور کر لیا۔ لطیف کھوسہ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کی جماعت پنجاب میں الیکشن کمیشن کے تحت حلقہ بندیاں چاہتی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں کمشنر کو اختیار دے رہی ہے پنجاب میں اس کی مخالفت کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ میں پیپلز پارٹی کا موقف کچھ اور ہے اور پنجاب میں کچھ اور ہے۔

عدالت نے پیپلز پارٹی سے کل تک تحریری جواب طلب کر لیا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں کر سکتا ہے یا نہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے پاس ماہر عملہ موجود ہے حلقہ بندیاں کرا سکتے ہیں جس پر عدالت نے حلقہ بندیوں کے اختیار سے متعلق الیکشن کمیشن سے تحریری جواب کل تک طلب کر لیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ہر پارٹی کے منشور میں لکھا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کرائیں گے لیکن کسی کو دلچسپی نہیں ۔ سپریم کورٹ نے پنجاب اور سندھ سے بلدیاتی الیکشن کرانے کی تاریخیں کل تک طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔