وزیراعلیٰ سندھ کا ضلع تھرپارکر میں امدادی سامان کی ترسیل و تقسیم میں سخت برہمی کا اظہار،حکومت کا کام فیصلہ سازی اور وسائل فراہم کرنا ہے،افسران کا کام فیصلوں پر عمل درآمد کرنا ہے،سید قائم علی شاہ

منگل 11 مارچ 2014 00:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ضلع تھرپارکر میں امدادی سامان کی ترسیل و تقسیم میں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کو متعلقہ محکموں اور افسران کے خلاف غیر جانبدار ابتدائی تحقیقات کرکے انہیں تین دن کے اندر ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔یہ احکامات انہوں نے تھرپارکر میں امدادی سامان کی ترسیل و تقسیم میں تاخیر کے اسباب کا جائزہ لینے کیلئے منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران دیئے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک جام خان شورو، چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری رائے سکندر،وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل سیکریٹری عباس بلوچ،محکمہ خوراک لائیو اسٹاک اور صحت کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں سے تھرپارکر کے عوام کی بلا امتیاز خدمت کرتے آئے ہیں اور اسی دوران کبھی بھی قحط جیسے اناج کی کمی کی صورتحال پیدا نہیں ہونے دی۔

انہوں نے کہاکہ تھرپارکر کے متاثرہ علاقوں میں نومبر2013کو متاثرہ لوگوں کیلئے امداد کے انتظامات کا آغاز کردیا تھا اور 13دسمبر2013کو ہونے والے ایک اجلاس میں جس میں تمام متعلقہ محکموں نے شرکت کی تھی،محکمہ خوراک کو تھرپارکر کے گداموں میں 60ہزار گندم کی بوریاں فوری طورپر پہنچانے کے احکامات دیئے گئے تھے اورصوبائی محکمہ رلیف کوتھرپارکر میں گندم کی کھیپ پہنچتے ہی لوگوں میں تقسیم کرنے کے احکامات دے دیئے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں محکمہ خوراک اور صوبائی محکمہ رلیف کی جانب سے امدادی گندم بھی فراہمی و تقسیم میں مشکلات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا، جبکہ مذکورہ اجلاس کے تمام شرکاء کو فیصلوں پر مکمل عمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ رلیف کی طرف سے پیش کی گئی سمری پر فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے انہیں تھرپارکر کے متاثرہ لوگوں کی بروقت امداد کیلئے احکامات دیئے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام فیصلہ سازی اور وسائل فراہم کرنا ہے،جبکہ افسران کا کام ہے کہ وہ ان فیصلوں پر عمل درآمد کریں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت تھرپارکر کی ترقی پر مکمل توجہ دے رہی ہے اور وہاں کے لوگوں کی بہتری اور دستیاب کوئلے کے ذخائر سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی ہی خدمات کا نتیجہ ہے کہ تھر کے عوام نے پچھلے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں ووٹ دیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تھر کے عوام کے ساتھ ہے اور اس مشکل گھڑی میں انکو اکیلا نہیں چوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے تھرپارکر کے متاثرہ لوگوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم اورمریضوں طبی سہولیات فراہم کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور تمام جلد صورتحال معمول پر آجائے گی۔

صوبائی وزیر لائیواسٹاک جام خان شورو نے اجلاس کے دوران بر یفنگ میں بتایا کہ تھرپارکر میں مویشیوں کی ویکسینیشن کے لئے 124مراکز کے علاوہ گزشتہ 3سے4مہینوں سے تھرپارکر میں 15گشتی ٹیمیں بھی کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس عرصے میں بھیڑوں کو ویکسین دی گئی ہے اور"شیپ پاکس" کے مرض پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں 1.1ملین بھیڑوں کی آبادی میں سے 0.5ملین بھیڑوں کو ویکسین دی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ علاقے میں مویشیوں کے لئے 90,000چارے کے تھیلے فراہم کئے گئے ہیں، جبکہ مزید چارہ فراہم کرنے کے انتظامات کئے جار رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :