پنجاب کو مثالی صوبہ بنانے کیلئے اداروں اور محکموں کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا رہا ہے‘ شہباز شریف،عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے‘ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی ”مکینزے“ کے وفد سے گفتگو، وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے قلیل مدت میں میٹرو بس پراجیکٹ مکمل کرکے شاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے‘ کنٹری ہیڈ مکینزے

منگل 11 مارچ 2014 19:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کو مثالی صوبہ بنانے کیلئے اداروں اور محکموں کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا رہا ہے، عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،وسائل میں اضافے کیلئے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ ضروری ہے، اس مقصد کے حصول اوروسائل میں اضافے کیلئے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی کمپنی مکینزے پاکستان کے کنٹری ہیڈ سلمان احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں زراعت، لائیوسٹاک اور ریونیو جنریشن کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکینزے کوصنعت، زراعت، کان کنی اور دیگر کئی شعبوں میں کنسلٹنٹ کے طور پر وسیع تجربہ اور مہارت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت اور مکینزے کے مابین زراعت ، لائیوسٹاک اور ریونیو جنریشن کے شعبوں میں تعاون کیلئے ایم ڈی میٹرو بس اتھارٹی سبطین فضل حلیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جو” مکینزے“ کمپنی کے حکام سے مشاورت کے ساتھ روڈمیپ تیار کرے گی۔ اس موقع پر کنٹری ہیڈ مکینزے سلمان احمد نے کہا کہ ان کی کمپنی پنجاب حکومت کے ساتھ وسیع تر تعاون کی خواہاں ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور مکینزے لاہور میں اپنا آفس کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے انتہائی قلیل مدت میں میٹرو بس پراجیکٹ مکمل کرکے شاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے جس کی ستائش اندرون اور بیرون ملک بھی کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی، ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈی جی پنجاب ریونیو اتھارٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔