کراچی،رینجرز اور پولیس کا لیاری و مواچھ گوٹھ میں مقابلہ،استاد تاجو اور شکیل پٹھان کے خطرناک کارندے ہلاک، لیاری میں گھمسان کی جنگ جاری،رینجرز نے موچکو اور لیاری سے ان کارروائیوں میں گینگ وار کے 8کارندوں کو بھی حراست میں لیا

منگل 11 مارچ 2014 19:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) رینجرز اور پولیس کا لیاری و مواچھ گوٹھ میں مقابلہ ، مواچھ گوٹھ میں پانچ افراد کے قتل میں ملوث ملزم سمیت استاد تاجو اور شکیل پٹھان کے خطرناک کارندے ہلاک ۔ 5پولیس افسران سمیت درجنوں افراد کے قتل میں ملوث تھے۔ لیاری میں گھمسان کی جنگ جاری ۔ فائرنگ اور دھماکوں سے لیاری گونج رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح رینجرز کی بھاری نفری لیاری دریا آباد گلی نمبر 6میں پہنچی تو گینگ وار ملزم شکیل پٹھان اور استاد تاجو کے کارنے 30سالہ نا معلوم اور فیصل کوڈو ولد غلام حسین مارے گئے۔

ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کئے ہیں ۔ رینجرز ذرائع نے بتایا کہ ملزم کا تعلق استاد تاجو گروپ سے تھا ۔ جس نے 2سال قبل پولیس افسر ASIاصغر نیازی ، بہرام خان نیازی سمیت 5افراد کو قتل کیا تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ آگرہ تاج میں ایک تاجر کو بھی قتل کیا تھا۔ ملزم اغواء برائے تاوان ، چوری ،ڈکیتی ، زنا اور منشیات کے درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ۔

فیصل کوڈو شکیل خان کا قریبی ساتھی ہے جو آج کل عذیر بلوچ کے بھائی زبیر بلوچ کے گھر کے تمام کام کرتا تھا ۔ سٹی پولیس انوسٹی گیشن کے انچارج انسپکٹر شفیق تنولی نے مواچھ گوٹھ میں ایک گینگ وار کارندے ناصر کو مقابلے میں ہلاک کر دیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم گزشتہ روز مواچھ گوٹھ میں قتل ہونے والے 5افراد کے قتل میں نامزد ملزم تھا اور شیراز کامریڈ کا قریبی ساتھی تھا۔

ملزم کے دیگر ساتھی سعید عرف چھوٹو، کامران خان عرف کاموں ، فرید آصف سلطان اور مجید پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ بلدیہ میں پانچ افراد کے قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آنے کے بعد علاقے میں رات گئے سے لے کر علی اصبح تک رینجرز اور پولیس نے تابڑ توڑ کارروائیاں کیں ۔ اس دوران رینجرز نے موچکو میں شیراز کامریڈ کے اہم ٹھکانے پر چھاپا مارا، جہاں پر ملزمان اور رینجرز اہلکارون کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

اس کارروائی میں یہان سے 3مغویوں کو بازیاب کروالیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر تاخیر ہو جاتی تو ان مغویوں کو قتل بھی کئے جانے کا خدشہ تھا۔ رینجرز نے موچکو اور لیاری سے ان کارروائیوں میں گینگ وار کے 8کارندوں کو بھی حراست میں لیا۔ جبکہ شیراز کامریڈ کے کارندوں نے بابا لاڈ لہ اور لالہ اورنگی کے تمام رشتے داروں کو موچکو سے نکلنے کا حکم دے دیا اور نہ جانے والوں کو قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ متعدد مکین مواچھ گوٹھ چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں ۔ جبکہ لیلاری گلستان کالونی ، گاہ بیگ لین ، سنگولین ، گل محمد لین ، جھٹ پٹ ، رانگی واڑہ میں خطرناک دھماکوں اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ۔ دھوبی گھاٹ بھی میدان جنگ بنا ہوا ہے۔ آصف نیازی اور استاد تاجو کے کارندے آمنے سامنے ہیں ۔