خیبر پختونخوا کے وزیر مال کی زیر صدارت محکمہ ایریگشن کا اعلیٰ سطحی اجلاس

منگل 11 مارچ 2014 18:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر مال سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ ایریگشن کا اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ میں واقع ان کے دفتر میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ایریگشن اکبر خان ، چیف انجینئر ایریگشن ساؤتھ کمال جہانگیر اور ڈیڈیک کمیٹی ڈی آئی خان کے چےئرمین ایم پی اے سمیع اللہ علیزئی نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان کے مقام پر دریاسندھ کے بند نمبر 18کی کشادگی اور بہتری کے لئے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ صوبائی وزیر مال سردار علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ سال2010میں آئے ہوئے سیلاب کی وجہ سے بند کو ہونے والے نقصان کے ازالے کا بغورجائزہ لیا گیاہے ۔ اور اس حوالے سے بند کے لئے مختص فنڈ میں مزید اضافہ کیا گیا تاکہ نقصانات کا جلد از جلد ازالہ کیا جاسکے اور لوگوں کو آبپاشی کی بنیادی سہولیات میسر آئیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف انجینئر ایریگشن ساؤتھ کمال جہانگیر نے کہا کہ وہ خودروزانہ کی بنیاد پر کام کا جائزہ لے رہے ہے اس کی طویل المدتی پائیداری کے لئے معیار کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ بند پر کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ عوام کا بہتر مستقبل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔صوبائی وزیر نے بند نمبر18کے اپنے دورے کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ بحثیت ایک زمیندار کے وہ کسانوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ اور اُن کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔