بھارت کے مقبول اداکاراوم پوری ساتھی اداکارہ دیویا دتہ اور گلوکار ہنس راج ہنس کے ہمراہ واہگہ کے راستے لاہور پہنچ گئے

منگل 11 مارچ 2014 15:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11مارچ 2014ء) بھارت کے مقبول اداکاراوم پوری ساتھی اداکارہ دیویا دتہ اور گلوکار ہنس راج ہنس کے ہمراہ واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔واہگہ باڈر سے لاہور پہنچنے پر برفی تھیٹر پروڈکشنز کے روح رواں بدر خان نے ان کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی اداکار اوم پوری نے کہا کہ میری بہت خواہش تھی کہ پاکستان دیکھوں اور خاص طور پر لاہور جسے دیکھ کر دوبارہ پیدا ہوگیا ہوں۔

(جاری ہے)

بھارت سے آنیوالے مہمانوں کو مقامی ہوٹل میں ٹہرایا جائے گا جبکہ دونوں فنکار آج ( بدھ ) لاہور کے الحمرا ہال میں اسٹیج ڈرامہ ”تیری پریتم “پیش کریں گے۔ 3روزہ اس خصوصی کھیل میں اوم پوری اور دیویادتہ اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جبکہ تکنیکی سہولیات کیلئے ان کی ٹیم کے ارکان بھی وہاں موجود ہوں گے۔واضح رہے کہ پہلی بار پاکستان یاترا کرنے کے خواہشمند اوم پوری یہاں آنے سے قبل ہی اس بات کا اظہار کرچکے ہیں کہ وہ یہاں پراسٹیج ڈرامہ کرنے کے ساتھ ساتھ لاہور کی سیر بھی کریں گے اور یہاں کے لذیذ پکوان بھی کھائیں گے جس کے لیے ان کے میزبان، اداکار بدر خان نے تمام شیڈول ترتیب دے رکھا ہے جس کے مطابق وہ لاہور میں مصروف رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :