ڈرون حملے،پاکستان میں کمی،افغانستان اور یمن میں اضافہ

منگل 11 مارچ 2014 15:20

ڈرون حملے،پاکستان میں کمی،افغانستان اور یمن میں اضافہ

نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11مارچ 2014ء) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں گذشتہ سال ڈرون حملوں میں واضح کمی آئی، تاہم افغانستان اور یمن میں ان حملوں کی تعداد بڑھی ہے۔ رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ ڈرون حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں ۔

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے بین ایمرسن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو ہزار دس میں پاکستان میں رکارڈ ایک سو اٹھائیس ڈرون حملے کئے گئے۔ دو ہزار بارہ سے پاکستان میں ڈرون حملوں کی تعداد میں کمی آنی شروع ہوئی اور دو ہزار تیرہ میں صرف ستائیس حملے کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق نو برسوں میں ایسا پہلی بار ہوا کہ ان حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

(جاری ہے)

رواں سال پاکستان میں ایک بھی ڈرون حملہ نہیں کیا گیا جو بارک اوباما کے صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی بار ان حملوں میں سب سے بڑا وقفہ ہے۔بین ایمرسن کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے ڈرون حملوں میں کمی حکومت پاکستان کے اس اصرار کے بعد کی گئی کہ یہ حملے شدت پسندی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے برعکس افغانستان اور یمن میں ڈرون حملوں میں تیزی آئی ہے اور افغانستان میں عام شہری بھی مارے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی یہ رپورٹ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی جانے والی قرارداد کے مسودے میں شامل کی جائے گی۔