سینیٹ نے سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2014ء کی اتفاق رائے سے منظور ی دیدی

پیر 10 مارچ 2014 20:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) سینیٹ نے سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2014ء کی اتفاق رائے سے منظور ی دیدی ۔ پیر کو سینیٹرصغریٰ امام نے تحریک پیش کی کہ سول سرونٹس ایکٹ 1973ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2014ء قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لایا جائے جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔ ڈاکٹر سعیدہ اقبال نے بل کی حمایت کی اور کہا کہ ہم ارکان کی طرف سے حمایت پر شکر گزار ہیں، صغریٰ امام کا پیش کردہ بل انتہائی اہم ہے اور اس بل کو پیش کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہیں۔

سینیٹر نجمہ حمید نے کہا کہ جو سول سرونٹس چھٹی لے کر نجی اور غیر ملکی اداروں میں ملازمتیں کرتے ہیں ان کو روکا جانا چاہیے۔ سینیٹر صغریٰ امام نے کہا کہ اس بل کا مقصد یہ ہے کہ سول سرونٹس اپنے فرائض منصبی یکسوئی سے قوم اور ملک کے مفاد میں سر انجام دیں اور ان کی وفاداریاں منقسم نہ ہوں، بین الاقوامی اداروں میں سول سرونٹس کو ملازمت کے مواقع حاصل ہونے کی وجہ سے سرکاری اداروں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے کیونکہ افسروں کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے ان کی جگہ کسی اور آفیسر کی تعیناتی بھی نہیں ہوتی اور وہ دوہری تنخواہیں اور مراعات حاصل کرتے ہیں جس کی روک تھام ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی اسمبلی اس بل کی منظوری دیدی۔ صدر نشین سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی نے بل کی شق وار منظوری حاصل کی۔ ایوان نے اتفاق رائے سے بل کی منظوری دیدی۔

متعلقہ عنوان :