پاکستان جمہوریہ کوسوو کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ،صدر ممنون حسین ، امید ہے وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید تقویت دینے کی راہ ہموار کرے گا ،کوسو کے وزیر خارجہ سے گفتگو

پیر 10 مارچ 2014 20:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریہ کوسوو کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ وہ پیر کو سوو کے وزیر خارجہ انور ہوکسہاج سے پیر کو ایوان صدر میں گفتگو کررہی تھے۔ صدر نے بالخصوص ارکان پارلیمان، نوجوانوں اور طالب علموں کے وفود کے تبادلوں کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوسوو کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے اور امید ہے کہ وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید تقویت دینے کی راہ ہموار کریگا۔

صدر نے اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف کی گزشتہ برس لندن میں کوسوو کی صدر عطفتی جاہ جگا کے ساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماء پاکستان اور کوسوو کے عوام کے لئے باہمی طور پر سودمند دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی یکساں سوچ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان بلقان خطے میں امن اور استحکام کے لئے جاری علاقائی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کوسوو اور سربیا بات چیت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تصفیہ طلب مسائل کو پر امن طور پر حل کر لیں گے۔ صدر نے کوسوو کی ہم منصب مادام عطفتی جاہ جگا کی صحت و بہبود اور کوسوو کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جمہوریہ کوسوو کے وزیر خارجہ نے مہمان نوازی پر صدر اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ قریبی روابط بالخصوص تجارتی و اقتصادی تعلقات کے مزید استحکام کا خواہاں ہے۔

متعلقہ عنوان :