لاپتہ شوہر کو جمعہ تک بازیاب کرواکر رپورٹ جمع کرانے کا حکم

پیر 10 مارچ 2014 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مارچ 2014ء)سپریم کورٹ نے عابدہ ملک کے لاپتہ شوہر کو جمعہ تک بازیاب کرواکر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا ہے۔ پیر کو سپریم کورٹ میں عابدہ ملک کے شوہر کی گمشدگی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

(جاری ہے)

جسٹس ناصرالملک نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور سے سوال کیا کہ عابدہ ملک کے شوہر ابھی تک بازیاب کیوں نہیں ہوئے اور ان کے اغوا میں ملوث میجرحیدر بھی گرفتار نہیں ہوا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے کہاکہ ان کے شوہر کی بازیابی کیلئے اقدامات کررہے ہیں، انہوں نے عدالت سے ایک ہفتے مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔جسٹس ناصرالملک نے کہاکہ معاملہ سنگین نوعیت کا ہے مزید وقت نہیں دیا جاسکتا، عدالت نے حکم دیا کہ جمعہ تک عابدہ ملک کے شوہر کو بازیاب کراکر رپورٹ جمع کرائی جائے،کیس کی دوبارہ سماعت جمعہ کو ہوگی۔