سری لنکن وزیر محنت گامینی لوکاج اگلے ماہ لاہور میں منعقدہونے والی ساؤتھ ایشیا لیبر کانفرنس میں شرکت کریں گے

پیر 10 مارچ 2014 15:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مارچ 2014ء) سری لنکا کے وزیر محنت و لیبر ریلیشنز گامینی لوکاج اگلے ماہ 24 تا 26 اپریل لاہور میں منعقد ہونے والی ساؤتھ ایشیاء لیبر کانفرنس میں شرکت کریں گے، سری لنکن ہائی کمیشن نے وزیرمحنت اور ان کے وفد کے دورہ کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے،وفد میں سری لنکا کی وزارت محنت کے شعبہ فارن ریلیشنز اینڈ لیبر کے سینئر اسسٹنٹ سیکرٹری ویمالا ویرا، اسسٹنٹ کمشنر و اسنتھا الگاما اور مسز ایس ایم ڈی کے رانا تنگا و دیگر اعلی حکام شامل ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے باقاعدہ تحریری طور پر سری لنکن وزیر محنت گامینی لوکاج کو ساؤتھ ایشیا لیبر کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی اور انہیں سارک ممالک میں مزدوروں کے مسائل اور ان کے حل کے لئے اس کانفرنس کی اہمیت اور اغراض و مقاصد سے تفصیلا آگاہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

سری لنکن وزیر محنت نے صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دورے کی دعوت قبول کر لی ہے۔

سری لنکن وزیر محنت نے اس کانفرنس کے انعقاد کو سارک ممالک میں انٹرنیشنل لیبر سٹینڈرز کے اطلاق، آئی ایل او کنونشنز کے نفاذ، باہمی تجربات سے استفادہ ، چائلڈ و جبری مشقت کے خاتمے اور مزدوروں کے لئے فلاح و بہبود پر مبنی لیبر پالیسی ڈرافٹ کرنے کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔ صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے سری لنکا کے وزیر محنت کی طرف سے دورے کی دعوت قبول کرنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے سارک ممالک کے درمیان رابطے مزید مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :