پاکستان کی فتح کا جشن منانے کے جرم میں بھارت کی ایک اور یونیورسٹی نے چارکشمیریوں سمیت چھ طلباء کو بے دخل کر دیا،چار طلبہ کا تعلق مقبوضہ کشمیر اور دو کا تعلق علی گڑھ سے ہے ،رپورٹ ……باضابطہ بیان بعد میں جاری کیا جائے گا ،یونیورسٹی

اتوار 9 مارچ 2014 20:21

پاکستان کی فتح کا جشن منانے کے جرم میں بھارت کی ایک اور یونیورسٹی نے ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) پاکستان کی فتح کا جشن منانے کے جرم میں بھارت کی ایک اور یونیورسٹی نے چارکشمیری طالب علموں سمیت چھ طلباء کو بے دخل کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے علاقے گریٹر نوئیڈا کی شاردا یونیورسٹی نے دو مارچ کو پاکستان کی فتح کی خوشی میں نعرے لگانے پر طلبہ کو بے دخل کیا۔ رپورٹس کے مطابق چار طلبہ کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے جبکہ دو کا تعلق علی گڑھ سے ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس حوالے سے باضابطہ بیان بعد میں جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بدترین جسمانی اور ذہنی تشدد کا شکار طلبہ نے میرٹھ جانے سے انکار کردیا ہے اس سے قبل اترپردیش کی سبھارتی یونیورسٹی نے130 کشمیری طلبہ کو شاہد آفریدی کی شاندار کارکردگی پر تالیاں بجانے کے جرم میں جامعہ سے نکال دیا تھا۔

(جاری ہے)

طلبہ کے خلاف بغاوت کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تاہم اترپردیش حکومت کے اعلان کے باوجود کشمیری طلبہ پر عائد الزامات تاحال واپس نہیں لیے گئے ہیں۔

ادھر ٹائمز آف انڈیا کی ویب سائٹ کے مطابق یہ معاملہ اس وقت گھمبیر ہوگیا جب یونیورسٹی کے ایک طالبعلم نے ایک سوشل میڈیا ویب سائٹ پر مطالبہ کیا کہ ان طالبعلموں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے جنہوں نے مبینہ طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ایشیا کپ میچ میں پاکستان کی حمایت کی تھی اس کے بعد طالبعلموں میں اشتعال پھیل گیا اور یونیورسٹی انتظامیہ نے معاملہ بگڑنے پر مجاز اتھارٹی کو طلب کرلیا۔