ہر ضلع میں یوتھ پلیس منٹ بیورو قائم کر رہے ہیں ،دوران تعلیم پارٹ ٹائم کام کرنے کے خواہشمند طلبہ کو کی مناسب رہنمائی کی جائیگی‘ وزیر تعلیم،پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے تحت پوسٹ گریجویٹ اور ہنر مند نوجوانوں کو 12 ہزار روپے ماہانہ گزارہ الاؤنس دیا جائیگا‘ رانا مشہود

اتوار 9 مارچ 2014 17:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) صوبائی وزیر تعلیم ،کھیل و امورنوجوانان رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں اس وقت ساڑھے چھ لاکھ پاکستانی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان کی آبادی میں نوجوانوں کا تناسب دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ہے ۔اس حوالے سے بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد ہمارے اصل پوٹنشل کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔

پاکستان کے سرکاری اداروں اور نجی شعبے کوچاہیے کہ مل کر اپنی نوجوان نسل کے لیے باعزت روزگارکی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ پاکستان خوشحالی کی منزل سے ہمکنار ہو سکے۔ایکسپو سنٹر لاہور میں پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت دوروزہ جاب فیئرکی اختتامی تقریب کے موقع پر ”پاکستان مین پاور پروموشن کانفرنس“ سے خطاب میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ذریعے حکومت پنجاب نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے والی ملکی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے علاوہ قومی سطح پر نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے ٹریننگ کا بندوبست کرنے والے سرکاری اور نجی اداروں کو ایک موثر پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوروزہ جاب فیئر کے انعقاد سے انشاء اللہ اس سال کم از کم ایک لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے اور بہت بڑی تعداد میں ہمارے ہنر مند اور پڑھے لکھے نوجوان دنیا کے مختلف ممالک میں روزگار کے مواقع سے مستفید ہوں گے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو جی ایس پی ۔

پلس کا سٹیٹس ملنے کی بدولت پورے پاکستان میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کوعروج ملنے کی توقع ہے ۔حکومت پنجاب اس کامیابی کے پیش نظر سکل ڈویلپمنٹ سے منسلک تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی کارکردگی بڑھانے میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں بیس ہزار پوسٹ گریجویٹ اور ہنر مند نوجوانوں کو اگلے چھ ماہ کے لئے 12 ہزار روپے ماہانہ گزارہ الاؤنس دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر ضلع میں یوتھ پلیس منٹ بیورو بھی قائم کررہی ہے جہاں دوران تعلیم پارٹ ٹائم کام کرنے کے خواہش مند طلبا وطالبات کو وائٹ کالر پارٹ ٹائم جاپ فراہم کرنے کے سلسلہ میں مناسب رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

رانا مشہود احمد خاں نے جاپ فیئر میں ایک سو سے زیادہ ملکی اور غیر ملکی فرمز کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں نوجوانوں کی رجسٹریشن کے عمل کا بغور مشاہدہ کیا۔وزیرتعلیم پنجاب کی بیگم محترمہ فرحت مشہود بھی اس موقع پر ان کے ساتھ تھیں۔

متعلقہ عنوان :