Live Updates

32ارب ڈالر کا سرمایہ کاری پیکیج چینی قیادت کا پاکستان کے لئے بہت بڑا تحفہ ہے،وزیراعلیٰ شہباز شریف، پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا بڑا منصوبہ تیار کیا ہے ،چین کے پیکیج سے استفادہ کرتے ہوئے اندھیروں کا خاتمہ کریں گے،پاک چین اقتصادی راہداری کے قیام سے پاکستان میں معاشی ترقی کا ایک نیا دورشروع ہوگا،ممتاز صنعتکار حسین داؤد سے بات چیت

اتوار 9 مارچ 2014 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا بڑا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔چین نے پاکستان کیلئے 32ارب ڈالرکے سرمایہ کاری پیکیج کی پیشکش کی ہے جو چینی قیادت کا پاکستان کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے۔چین کے سرمایہ کاری پیکیج سے استفادہ کرتے ہوئے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

وہ یہاں معروف صنعتی گروپ کے سربراہ حسین داوٴد سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے ۔ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر معدنیات شیرعلی خان ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجو دتھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ صدر مملکت ممنون حسین اورمیرے حالیہ دورہ چین میں توانائی اورانفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں چین کے تعاون میں اضافے پر نمایاں پیشرفت ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف نے چین کے تعاون سے پاکستان میں اقتصادی راہداری کے قیام کاجو تاریخی معاہدہ کیا، اس پر عملدر آمد سے پاکستان میں معاشی ترقی کا ایک نیا دورشروع ہوگا۔چین کی حکومت اور مختلف کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش نہایت اہمیت کی حامل ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی،انفراسٹرکچر ،ٹرانسپورٹ اور دیگرشعبوں کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

اقتصادی ترقی کا خواب توانائی کے ذرائع کو فروغ دےئے بغیرپورا نہیں ہوسکتا۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجلی کی پیداوار کے مختلف منصوبے شروع کئے ہیں ۔پہلی بار کوئلے کے ذخائر سے سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ دی گئی ہے ۔تھرمیں کوئلے سے توانائی کے حصول کیلئے تیزی سے آگے بڑھا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔

حکومت کوئلے کے ان ذخائر سے استفادہ کرنے کیلئے کام کررہی ہے ۔اسی طرح نندی پور پاور پراجیکٹ رواں برس کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن2ماہ میں پیداوار شروع کردے گی جس سے ابتدائی طور پر100میگاواٹ بجلی کا حصول ممکن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت شفافیت اور میرٹ پر یقین رکھتی ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو مقدم رکھا جارہا ہے۔ نیک نیتی اور اخلاص سے کی جانے والی کوششیں ضرور رنگ لائیں گی اور ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیاجائے گا۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات