سرکاری فضائی کمپنی ملیشیا ائیر لائنز کے لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے کی تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ،ویتنامی فضائیہ کے طیاروں نے سمندر میں دو مقامات پر تیل کی طہہ دیکھنے کی اطلاع دیدی ، تلاش کا کام جاری ،دہشتگردی سمیت تمام تر امکانات پر غور کر رہے ہیں ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا ،ملائیشین وزیر اعظم کا بیان ، فلپائن نے مسافر طیارے کی تلاش کے لیے ائیر فورس کے تین جہاز اور نیوی کے تین بحری گشتی جہاز بھیج دیئے

اتوار 9 مارچ 2014 14:14

سرکاری فضائی کمپنی ملیشیا ائیر لائنز کے لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے ..

کوالالمپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء)ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ ہشام الدین حسین نے کہا ہے کہ سرکاری فضائی کمپنی ملیشیا ائیر لائنز کے لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے کی تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ ہشام الدین حسین نے کہا ہے کہ اس امکان کے بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے کہ پرواز روانہ ہونے کے بعد فنی خرابی کے باعث واپس موڑی تھی۔

ادھر ویتنامی فضائیہ کے طیاروں نے سمندر میں دو مقامات پر تیل کی طہہ دیکھنے کی اطلاع دی ہے جو ممکنہ طور پر لاپتہ طیارے کے ایندھن کی ہو سکتی ہے تاہم اس بارے میں کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔ادھرجہاز کی گمشدگی میں کسی قسم کی دہشت گردی کے امکان پر ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نجیب رزاق کا کہنا ہے کہ ’ہم تمام تر امکانات پر غور کر رہے ہیں ابھی اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ملائیشیا ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹوو احمد جوہاری یحییٰ نے بتایا کہ طیارے پر 14 قومیتوں کے مسافر شامل تھے اور ایئر لائن تمام مسافروں کے لواحقین سے رابطے کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پرواز کے کپتان ظہارے احمد شاہ تھے جنہوں نے 1981 میں ملیشیا ایئر لائن میں ملازمت اختیار کی۔ادھر فلپائن نے بھی مسافر طیارے کی تلاش کے لیے ائیر فورس کے تین جہاز اور نیوی کے تین بحری گشتی جہاز بھیجے ہیں جبکہ چینی نیوی کے دو بحری جہاز طیارے کی تلاش کیلئے روانہ ہو گئے ادھر امریکا نے اپنا ایک جہاز بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف بیجنگ ائیر پورٹ پر مسافروں کے لواحقین اپنے پیاروں کے غم میں شدید پریشانی کا شکار دکھائی دیئے-