بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دیگر منصوبوں کو نوجوانوں کیلئے وزیر اعظم کے پروگرام سے ہم آہنگ کیا جانا چاہیے ،وزیر خزانہ ،زیادہ توجہ غرب لوگوں کی تربیت پر دی جانی چاہیے ،وفاقی وزیر خزانہ کا اجلاس سے خطاب ،خلیجی ریاستوں میں بیس لاکھ افراد کیلئے روزگار کیلئے کام کررہے ہیں ، سینیٹر انور بیگ کی بریفنگ

ہفتہ 8 مارچ 2014 22:22

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دیگر منصوبوں کو نوجوانوں کیلئے وزیر اعظم ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نقد امداد کے علاوہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دیگر منصوبوں کو نوجوانوں کیلئے وزیر اعظم کے پروگرام سے ہم آہنگ کیا جانا چاہیے ،زیادہ توجہ غرب لوگوں کی تربیت پر دی جانی چاہیے۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحق ڈار کی زیرصدارت وزارت خزانہ میں منعقدہ اجلاس کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کاجائزہ لیاگیا ۔

اجلاس کے دوران چیئرمین بی آئی ایس پی انور بیگ نے وزیرخزانہ کو بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ڈونر ایجنسیوں کے تمام اہداف حاصل کرلئے گئے ہیں۔ چیئرمین نے کہاکہ اہداف کے حصول کیلئے وہ کانفرنسز منعقد کررہے ہیں اور صوبائی سربراہوں اور فیلڈ سٹاف کے ساتھ رابطہ میں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیرخزانہ کو بتایا کہ انہوں نے خیبرپختونخوا چیمبر سے ایم او یو پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت گرانٹ وصول کرنے والے 4500 افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح کورنگی ایسوسی ایشن سے بھی مفاہمت کی یادداشت پردستخط کئے گئے ہیں جہاں پر چار ہزار کارخانے قائم ہیں اور دس لاکھ افراد کام کررہے ہیں ۔ ایسوسی ایشن نے چیئرمین کو یقین دلایا ہے کہ بی آئی ایس پی گرانٹ وصول کرنے والوں کو نوکری پر تربیت کے ساتھ ساتھ ملازمت بھی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ فوڈ آوٹ لیس ‘ ہنراہٹس اور برگر تیار کرنے والی بین الاقوامی کمپنی ایم سی آر بھی ضرورت مند اور غریب افراد کوتربیت اور روزگار فراہم کرنے پر رضا مند ہے ۔

وہ بی آئی ایس پی سے استفادہ کرنے والے سو افراد کو تربیت دینگے ۔ انہوں نے ڈائیو کمپنی کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے بتایا جس کے تحت ڈرائیوروں ‘ مکینکوں اورسٹاف کو تربیت فراہم کی جائے گی ۔ انوربیگ نے بتایا کہ خلیجی ریاستوں میں بیس لاکھ افراد کیلئے روزگار کیلئے کام کررہے ہیں اور ہم تعمیراتی شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ خلیجی ممالک میں سالانہ چھ لاکھ تیس ہزار افراد روزگار حاصل کرتے ہیں جو 11 ارب ڈالر سالانہ کی ترسیلات زر بھیج رہے ہیں ۔

انہوں نے دعوی کیا کہ ہم ایک یا دو سالوں کے دوران خلیجی ممالک کو بھیجی جانے والی افرادی قوت میں دوگناہ اضافہ کرسکتے ہیں جس سے ترسیلات زر 25 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گی جبکہ اقوام متحدہ کے تمام اداروں کیلئے ورکشاپ بھی آئندہ ماہ منعقد کی جائے گی جس سے ایسی جگہوں کی نشاندہی کی جاسکے گی جن میں وہ معاونت فراہم کرسکتے ہیں ۔وزیرخزانہ نے چیئرمین کے کام کی تعریف کی جو وہ غریبوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے کررہے ہیں ۔ انہوں نے غریب افراد کی پیشہ وارانہ تربیت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنا روزگار خودکمانے کے قابل ہوسکیں۔ انہوں نے چیئرمین کو مکمل تعاون کایقین دلایا۔