وزیراعلیٰ سندھ کے تھرپارکر میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کے مقرر کئے گئے نگران تاج حیدر نے مٹھی سے رپورٹ جاری کردی،متاثرہ علاقوں میں حکومت سندھ کی جانب سے متاثرہ افرادمیں گند م ، اشیاء خردونوش، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء مفت تقسیم کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے

ہفتہ 8 مارچ 2014 22:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے تھر پارکر میں ٰخشک سالی کے بعد امدادی کاروائیوں کی نگرانی کے لئے مقررکئے گئے پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل تاج حیدر نے ہفتہ کو مٹھی سے جاری اپنی رپورٹ میں بتایا کہ قحط سے متاثرہ افراد کے لئے خوراک کی امداد مہیا کرنے کے لئے حکومت سندھ نے پہلے سے وہاں گندم کا ایک بہت بڑا ذخیرہ موجود کر رکھا ہے اور متاثرہ علاقوں میں حکومت سندھ کی جانب سے متاثرہ افرادمیں گند م ، اشیاء خردونوش، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء مفت تقسیم کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

تاج حیدر کی جانب سے جاری کئے گئے ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گند م اور دیگر اشیا ء کی بر وقت تقسیم کیلئے بڑی تعداد میں ٹراسپورٹر س مصروف عمل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹرز کی -08 موبائیل ٹیمیں پہلے سے ہی کام کر رہی ہیں جبکہ متاثرہ افراد کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی کی جانب سے بھی مختلف امراض کے -08 ماہرڈاکٹرز متاثرہ علاقوں میں بھیجے جارہے ہیں جبکہ اسی طرح PMAکی جانب سے بھی ڈاکٹر مہیا کرنے کی پیش کش ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے تھر پارکر کے ہرتحصیل میں تمام سہولتوں سے آراستہ میڈیکل کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں ڈاکٹرز اپنے پیرا میڈیکل اسٹاف، ادویات عذائی اشیاء ، انکیوبیٹرز اور دیگر ساز وسامان کے ہمراہ پہنچ گئے ہیں جبکہ ضلع ہیڈکواٹرز اسپتال مٹھی میں متاثرہ مریضوں کو بھر پور طریقے سے طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور انہوں نے اس بات کو واضع کیا کہ وہاں موجود مریضوں میں سے کوئی بھی غذائیت کی کمی کا شکار نہیں تاہم مریضوں کی بڑی تعداد نمونیہ ، اسہال کی ہے بہرحال انہوں نے کہا کہ عمومی عذائیت کی کمی کے باعث امراض سے لڑنے کی قوت مدافعت کم ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ صرف فروری کے مہینے کے دوران اموات میں تیزی آئی ہے۔

تاج حیدر نے مزید بتایا کہ متاثرہ لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ تھر پار کر کے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کے علاج کے لئے محکمہ لائیو اسٹاک کی -15 ویکسینیشن گشتی ٹیمیں یومیہ -50,000 جانوروں کے علاج معالجے اور ویکسینشن کر رہے ہیں جبکہ جانوروں کی ویکسین کیلئے مزید 500,000 ویکسین وائلز بھی طلب کئے گئے ہیں جو کہ آئندہ جمعہ تک مٹھی پہنچ جائینگے۔

متاثرہ علاقوں کو جانوروں کو چارا فراہم کرنے کے لئے چارے سے لدے کئی ٹرک پہنچ گئے ہیں جن کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ تاج حیدر نے مزید بتایا کہ اسٹنٹ کمشنر ، مختیار کار، محکمہ خوراک سندھ کے عملدراوں پر مبنی مانٹرینگ ٹیمیں رکن صوبائی اسمبلی مہیش کمار مالانی ، دادن ہنگورو پی پی کے مقامی عہداروں کے ہمراہ متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے اور متعلقہ اداروں کی سختی سے مانٹرینگ بھی کی جارہی ہے۔

تاج حیدرنے مزید بتایا کہ انہوں نے محکمہ صحت ،لائیواسٹاک ، پی ڈی ایم اے، غیر سرکاری تنظیم تھرڈیپ اور دیگر محکموں کی انتظامیہ کے اجلاس بھی منعقد کئے ہیں تاکہ امدادی کاروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ تاج حیدر نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل پاک آرمی اور دیگر اداروں کو کو سراہا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ امدادی کاروائیوں میں مصروف عمل مخیر حضرات ،غیر سرکاری تنظیوں اور دیگر اداروں کو حکومت سندھ کی جانب سے بھر پور انتظامی سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :