کچھی کینال منصوبے پر کام کی رفتار بڑھائی جائے ‘ چیئرمین واپڈا کی پراجیکٹ حکام کو ہدایت،منصوبے پر کام کی سست رفتار پر تشویش کا اظہار ، کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹر تمام ایشوز کو فوری حل کریں ،تعمیراتی کام میں مطلوبہ معیار کو یقینی بنایاجائے ، پراجیکٹ میں تاخیر کسی صورت قبول نہیں ہوگی‘ سید راغب عباس شاہ

ہفتہ 8 مارچ 2014 21:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء) چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کچھی کینال منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ اس منصوبے کے فیزI-کے پہلے مرحلے کی کم سے کم مدت میں تکمیل کو ممکن بنایا جائے،وفاقی حکومت کے عزم کے مطابق واپڈامنصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لارہا ہے تاکہ بلوچستا ن کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے دور دراز علاقوں میں 55ہزار ایکڑ بنجر زمین زیر کاشت لانے کے لئے پانی مہیا کیا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کچھی کینال پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے منصوبے پر کام کی سست رفتار پر تشویش کا اظہار کیا اور کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ڈیزائن سمیت منصوبے کے ان تمام ایشوز کو فوری طور پر حل کریں جن کی وجہ سے منصوبے پر تعمیراتی کام کی رفتار متاثر ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے پر تعمیراتی کام کے مطلوبہ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔قبل ازیں اپنے دورے میں چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ کی مختلف سائٹس کا معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا ۔ جنرل منیجر (سینٹرل) واٹر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کے علاوہ کنسلٹنٹ اورکنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :