پاکستان کو ہرا کر سری لنکا ایشیا میں کرکٹ کا حکمران بن گیا، فواد عالم کی سنچری ناقص فیلڈنگ کی وجہ سے رائیگاں

ہفتہ 8 مارچ 2014 21:03

پاکستان کو ہرا کر سری لنکا ایشیا میں کرکٹ کا حکمران بن گیا، فواد عالم ..

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء) ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکن ٹائیگرز نے پاکستانی شاہینوں کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ایشیا کی کرکٹ میں حکمرانی کا تاج سر پر سجالیاپاکستانی فیلڈروں کی جانب سے بار بار کیچز ڈراپ کرنے سے سری لنکا کیلئے260رنز کا ہدف آسان بن گیا ،۔بنگلہ دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں گر گئی جب شرجیل خان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پاکستان کو دوسرا نقصان 17 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب احمد شہزاد 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ابھی مجموعی اسکور 18 ہی ہوا تھا کہ محمد حفیظ بھی 3 رنز بنا کر ملنگا کی گیند پر سنگا کارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

ابتدائی بلے بازوں کی جلد بازی کی بدولت ایک وقت میں ایسا محسوس ہورہا تھا کہ قومی ٹیم 150 رنز بھی نہیں بنا پائے گی لیکن چوتھی وکٹ پر مصباح الحق اور فواد عالم نے 122 رنز کی شراکت قائم کی۔ 37ویں اوور کی چوتھی گیند پر مصباح اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ملنگا کا شکار بنے، انہوں نے 65 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

40 اوورز میں پاکستان کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز تھا، اس موقع پر فوادعالم اور عمر اکمل نے کریز کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلے اور رنز میں تیز رفتاری سے اضافے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 13 اوورز میں 115 رنز بنائے جس میں عمر اکمل کے 59 اور فواد عالم کے 52 رنز شامل تھے، آخری اوور میں جب پاکستان کا اسکور 255 رنز تھا تو ایک بار پھر مالنگا ہی عمر اکمل کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ آخری دو گیندوں کے لئے فواد عالم کا ساتھ نبھانے شاہد آفریدی میدان میں اترے لیکن ان کے حصے میں ایک بھی گیند نہ آئی تاہم پاکستان مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز کا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہوگیا۔

فواد عالم نے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 134 گیندوں پر 114 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے پانچوں وکٹیں لاستھ ملنگا نے حاصل کیں۔سری لنکا نے 261 رنز کا ہدف 47 ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، سری لنکن بلے بازوں نے گراؤنڈ کے چاروں جانب شاندار اسٹروکس کھیلے اور پاکستانی بولروں کی ایک نہ چلنے دی جبکہ فیلڈرز نے بھی بلے بازوں کا خوب ساتھ دیا اور سری لنکن کھلاڑیوں کے رنز بنانے میں کسی طرح کی مزاحمت نہ کی، 56 کے مجموعی اسکور پر سعید اجمل نے 2 گیندوں پر 2 وکٹیں لے کر چند لمحوں کے لئے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی لیکن لاہیرو تھریمانے اور ماہیلا جے وردھنے نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی دباؤ کے ٹیم کے اسکور کو 212 رنز تک پہنچایا تاہم پھر جے وردھنے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ماہیلا جے وردھنے کے آؤٹ ہونے کے بعد پریاننجن کریز پر آئے تاہم وہ کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ سری لنکا کی پانچویں وکٹ لاہیرو تھریمانے کی گری جو 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان اینجلو میتھیوز اور چتورانگا ڈی نے ٹیم کا بیڑہ پار کرایا اور اور اپنی ٹیم کو ایشیائی کرکٹ کا دوبارہ حکمران بنادیا۔

پاکستان کے سعید اجمل نے 3 جبکہ جنید خان اور محمد طلحہٰ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔۔ سری لنکا یہ ٹائٹل پانچویں بار جیتنے میں کامیاب ہوا ہے جس میں وہ دو مرتبہ پاکستان کو شکست دے چکا ہے۔پاکستان مجموعی طور پر چوتھی مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا۔ اس سے قبل پچھلے تین فائنلز میں سے دو میں کامیاب ہوکر ایشیا کپ جیت چکا ہے۔2000ء میں سری لنکا کو اور 2012ء میں بنگلادیش کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے۔ جبکہ 1986ئاور اب2014ء میں فائنل میں سری لنکا سے شکست کھائی۔