Live Updates

ہمارے کارکن پلاٹ اور پرمٹ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے،پرویزخٹک، عوام نے دوسری جماعتوں کی کرپشن اور کارکنوں میں مراعات کی بندر بانٹ سے بیزار ہو کر ہی پی ٹی آئی کو حکومت دلائی، وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 8 مارچ 2014 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف پشاور شہر کے کارکنوں کے ایک وفد نے گل بادشاہ کی زیر قیادت خیبر پختونخواکے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اُنہیں شہریوں کے بعض مسائل کے علاوہ ترقیاتی عمل تیز کرنے کیلئے تجاویز و سفارشات سے آگاہ کیا وفد نے پارٹی قائد عمران خان کے ویژن کے مطابق کرپشن کے خاتمے اور تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل درآمد کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اُنہوں نے صحت کا انصاف پروگرا م پر کامیاب عمل درآمد کیلئے انصاف رضاکاروں اور ورکروں کی خدمات سے بھی وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا پرویز خٹک نے صحت کا انصاف جیسے اہم پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھانے میں نمایاں کردار پر پشاور کے کارکنوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ثابت کیا ہے کہ اگر چہ پی ٹی آئی نئی جماعت ہے مگر اس کے کارکنوں کا سیاسی شعور اور نظم و ضبط دوسری جماعتوں سے بدرجہا بہتر اور مثالی ہے جس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ نکھار آرہا ہے اُنہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کی یہ منفر د خصوصیت بھی سب مان چکے ہیں کہ ہمارے کارکن پلاٹ اور پرمٹ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے جو ماضی کی حکومتوں کا وطیرہ رہا اور اپنے کارکنوں کو سفید ہاتھیوں کی طرح قومی خزانے پر پالتے رہے یہاں کے عوام نے دوسری جماعتوں کی کرپشن اور کارکنوں میں مراعات کی بندر بانٹ سے بیزار ہو کر ہی پی ٹی آئی کو حکومت دلائی اور اگر ہم نے عمران خان کے ویژن کے مطابق پارٹی منشور اورنظام کی تبدیلی کا ایجنڈا پایہ تکمیل تک نہ پہنچایا تو ہمار ا حشر بھی دوسروں سے مختلف نہیں ہو گا وقت آگیا ہے کہ ہمارے کارکن اس مقصد کی تکمیل کیلئے باہمی اختلافات پس پشت ڈال کر متحد و متفق اور پارٹی اہداف کے سو فیصد حصول کیلئے کمر بستہ ہوں اُنہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ خدمت خلق کے جذب سے سرشار ہو کر عوام کی شبانہ روز اور بے لوثی سے خدمت کریں اسی طرح وہ اپنے متعلقہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، وزراء اور قائدین سے باقاعدگی سے رابطے اور اجلاس بھی کریں جو سیاسی تعلیم و تربیت اور نظم و ضبط کا بنیادی تقاضا ہے اور اس کی وجہ سے عوامی مسائل سے آگاہی اور انکا حل یقینی بننے کے علاوہ کارکنوں کے مابین محبت میں اضافہ ہو گا پرویز خٹک نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اپنے حصے کا کردار بطریق احسن ادا کرے گی اور عوامی مینڈیٹ کے مطابق کرپشن کی بیخ کنی میں کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھے گی اسی طرح ترقیاتی فنڈز کا شفاف اور منصفانہ استعمال یقینی بنایا جائے گا اُنہوں نے کہا کہ پشاور کے علاوہ پورے صوبے میں ترقیاتی عمل تیز کیا جارہا ہے اور چھوٹی بڑی سکیموں کے علاوہ میگا منصوبے بھی شروع کئے جارہے ہیں شہر میں صحت و صفائی اور آبنوشی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اگر چہ اس میں کافی بہتری آئی ہے تاہم زیادہ اچھے نتائج کیلئے میونسپل کارپوریشن کے بیشتر فرائض ترقیافتہ ممالک کی طرز پر الگ کمپنی کے حوالے کئے جارہے ہیں جس کی بدولت صورتحال میں سو فیصد بہتری آئے گی اسی طرح گرین اینڈ کلین پشاور کے منصوبے پر کام جاری ہے اور اُمید ہے کہ رواں موسم بہار میں پشاور کی شاہراہوں اور پارکوں کے اطراف میں سرسبز پودے اور پھول بھی نظر آنا شروع ہو جائیں گے جس میں بتدریج اضافہ ہو گا اُنہوں نے کہا کہ ہم پھولوں اور باغوں کے شہر کے حوالے سے پشاور کی تاریخی عظمت رفتہ بحال کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر بنائیں گے وزیر اعلیٰ نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ شہریوں سے قریبی رابطوں کے علاوہ عوام کے مسائل شکایات سیل تک پہنچانے اور اُن کے حل میں بھی معاونت کریں اس مقصد کیلئے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور محکمانہ سطح پر بھی شکایات سیل قائم کئے گئے ہیں جبکہ پارٹی کو صوبائی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر شکایات سیل قائم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے اُنہوں نے تعلیم ، صحت ، آبنوشی اور صفائی سے متعلق پیش کردہ شہری مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو مو قع پر احکامات جاری کئے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات