طالبان کی جنگ بندی کے مخالف گروپوں کو پاکستان چھوڑنے کا الٹی میٹم

جمعہ 7 مارچ 2014 23:04

طالبان کی جنگ بندی کے مخالف گروپوں کو پاکستان چھوڑنے کا الٹی میٹم

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2014ء) کالعدم تحریک طالبان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے والی تنظیموں کو پاکستانی علاقہ جات چھوڑنے کا الٹی میٹم دے دیا ، طالبان نے ان تنظیموں کو دھمکی دی ہے کہ کارروائی کی صورت میں ان کے خلاف جوابی کارروائی کی جائے گی ، طالبان کے اندرونی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی صورت پر بتایا کہ طالبان کی قائم کردہ 6رکنی کمیٹی نے دیگر جنگجو گروپوں سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا ، لیکن ان کی طرف حملے جاری رکھنے کی وجہ سے طالبان نے ان گروپوں کو10دن کے اندر پاکستانی علاقہ جات چھوڑنے کا الٹی میٹم دیا ہے ، اگر ان تنظیموں نے پاکستانی علاقہ جات نہ چھوڑے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، دوسری طرف مذاکرات کے مخالف گروپوں نے اپنے ٹھکانے تبدیل کر لئے ہیں ، اور کئی بڑے بڑے گروپ کمانڈروں نے افغانستان میں خیمے ڈال لئے ہیں ، جہاں سے جنگی کارروائیوں کی تیاریاں کی جا رہی ہیں ، یاد رہے کہ شمالی وزیرستان کے مقامی کمانڈر حافظ گل بہادر نے بھی جنگجو گروپوں کو وزیرستان چھوڑنے کے حوالے سے کافی سرگرم ہیں ۔