وزیراعظم نوازشریف نے تھر میں قحط سالی سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا

جمعہ 7 مارچ 2014 19:21

وزیراعظم نوازشریف نے تھر میں قحط سالی سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے تھر میں قحط سالی کے باعث بچوں سمیت متعدد افراد کی کی ہلاکتوںپردکھ کا اظہارکرتے ہوئے واقعے کانوٹس لے لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق تھر میں غذائی بحران کے باعث بچوں سمیت سینکڑوں افراد کی ہلاکتوں پروزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایسی مجرمانہ غفلت کیوں برتی گئی جس سے ہلاکتیں ہورہی ہے، وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے اور سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر تھر پہنچ کر متاثرین کی بحالی اورانہیں غذائی اجناس سمیت دیگر اشیا اور ادویات فراہم کی جائیں۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی تھر میں قحط سالی سے ہونے والی ہلاکتوں پراراکین کی جانب سے احتجاج کیا گیا اس موقع پر توجہ دلاؤ نوٹس پر کھڑے ہوکر تحریک انصاف کے جاوید ہاشمی اور پیپلزپارٹی کی شازیہ مری نے تھر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے تھرپارکر میں ہلاکتوں پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں سندھ کے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ متاثرین کے لئے منرل واٹر، خوراک اور دیگر امدادی چیزیں فوری روانہ کی جائیں۔