سماجی و معاشی ترقی کے لئے تعلیم کی فروغ ناگزیر ہے، انجینئرشوکت اللہ، حصول علم کے تمام مواقع فراہم کی جائے گی، گورنر خیبر پختونخواکا ہری پور یونیورسٹی میں نیو کیمپس کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 7 مارچ 2014 19:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2014ء) گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ نے سماجی و معاشی ترقی کے لئے تعلیم کے فروغ کو ناگزیرضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے لیکن اس کے باوجود ہم نوجوانوں کو حصول علم کے تمام مواقع فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ہری پور یونیورسٹی میں نیو کیمپس کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حثییت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر علی خان نے بھی خطاب کیا اور یونیورسٹی کی سرگرمیوں ،کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اعلی تعلیم مشتاق احمد غنی، سپیشل سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن پشاور عبد الغفور بیگ، ضلعی انتظامیہ کے ا فسران،مقامی عمائدین ،فیکلٹی ارکان اور یونیورسٹی کے طلباء کی کثیر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

انجئیرشوکت اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم معیاری تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے اپنے فرائض سے بخوبی واقف ہیں اور اس سلسلے میں ہم بابائے قوم کی فراہم کردہ رہنمائی کے مطابق ایک مننظم انداز میں تمام دستیاب وسائل اور توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں تا کہ قوم کو درپیش موجودہ مسائل کا مقابلہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہمیشہ طلبہ ، محقیقن اور علماء کو قدرت کے وسیع اور پوشیدہ خزانے تلاش کرنے کے قابل بناتی ہے اس لئے انہیں چائیے کہ اپنے علم ، صلاحیتوں اور توانائیوں کو یکجا کر کے دوسرے انسانوں کو معاشرے کے مفید شہری بنانے اور ان کی فلاح کے لئے استعمال کریں۔

ہری پور یونیورسٹی کے ارتکائی عمل کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی نے اپنے قیام کے مختصر عرصے میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔یونیورسٹی کی کامیابی پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یو نیورسٹی میں انڈر گریجویٹ اور پی ایچ ڈی سکالرشپ کی فراہمی یقیناًایک بڑی کامیابی ہے ۔انجئیر شوکت اللہ نے اس موقع پر یونیورسٹی کے لئے 25 ائر کنڈیشنرز کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ نیو کیمپس کی تعمیر ڈیڑھ سال کی بجائے ایک سال کے اندر ممکن بنائے ۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر علی خان نے اپنی تقریر میں بتایا کہ حکومت خیبر پختونخوا نے یونیورسٹی آف ہری پور میں انفراسٹرکچر اور فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے گذشتہ ایک سال کے دوران ایک ارب 20 کروڑ روپے کی خطیر رقم فراہم کی۔انہوں نے یونیورسٹی کو مستحکم اور فعال بنانے کے لئے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کو فراہم کردہ مالی وسائل سے نیو کیمپس کی تعمیر عنقریب شروع ہو گی جبکہ فیکلٹی ارکان کو 150 پی ایچ ڈی سکالرشپ فراہم کئے جائیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تین کروڑ روپے کی لاگت سے یونیورسٹی کے مستحق طلباء کے لئے مالی امداد کا پروگرام شروع کیا گیا ہے مزید براں نیشنل بینک نے بھی ہری پور یونیورسٹی کو سٹوڈنٹ لون سکیم میں شامل کر لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے معیار تعلیم کے پیش نظر متعدد بیرونی ممالک اور مقامی اور غیر ملکی اداروں نے ہری پور یونیورسٹی کے طلباء اور فیکلٹی ارکان کے لئے مالی امداد اور سکالرشپ کی پیش کش کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :