نیول چیف نے کراچی شپ یارڈ میں مقامی طور پر تیار کیے جانے والے فلیٹ ٹینکر کی تعمیر کے منصوبے کی بنیاد رکھ دی، فلیٹ ٹینکر کی تعمیر جہاز سازی کے میدان میں پاک بحریہ کے خود انحصاری حاصل کرنے کے عزم کی بھرپور عکاسی کرتی ہے ،ایڈمرل آصف سندیلہ

جمعہ 7 مارچ 2014 19:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مارچ۔2014ء) پاک بحریہ کے مقامی طور پر تیار کیے جانیوالے 17000ٹن فلیٹ ٹینکر کی تعمیر کی بنیاد رکھنے کی تقریب جمعہ کو کراچی شپ یارڈ اینڈ ا نجینئرنگ ورکس میں منقعد ہوئی ۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔یہ فلیٹ ٹینکر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجیئرنگ ورکس اور ترک کمپنی Savurma Teknologileri Muhendislik کے اشتراک سے تعمیر کیا جا رہا ہے ۔

یہ ٹینکر سمندر میں موجود پاک بحریہ کے دیگر جہازوں کو خشک اور مائع کارگو کی منتقلی کی شکل میںLogistic Support میں معاون ثابت ہوگا۔یہ بحری جہاز ہیلی کاپٹروں کے ذریعے دشمن کی آبدوزوں او بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔یہ جہاز جو مسلسل تین ماہ سمندر میں انفرادی طور پر گزار سکتا ہے ، کو مناسب طبی سہولیات سے لیس کیا جائے گا جس کی بدولت یہ پاک بحریہ کے دوسرے جہازوں کو ضروری طبی امداد مہیا کرسکے گا اور بوقت ضرورت ناگہانی آفات کی صورت میں امدادی کارروائیوں کے دوران بھی ممدو معاون ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے ایڈمرل سندیلہ نے کہا کہ فلیٹ ٹینکر کی تعمیر جہاز سازی کے میدان میں پاک بحریہ کے خود انحصاری حاصل کرنے کے عزم کی بھرپور عکاسی کرتی ہے ۔ نیول چیف نے پاک ترک دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کی بنیاد مضبوط اور مستحکم تعلقات پر استوار ہے ، تاہم عصر حاضر کے حالات ان تعلقات کو فوجی اور اقتصادی تعاون کے حوالے سے بھی مزید فروغ دینے کے متقاضی ہیں۔

نیول چیف نے امید ظا ہر کی کہ دونوں ملکو ں کے درمیا ن با ہمی دلچسپی کے دائرے کو وسیع ترکیا جا سکتا ہے۔ فلیٹ ٹینکر کا منصوبہ دونوں حکومتوں کے اسی عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ٹینکر آنے والے دنوں میں بحری بیڑے کی لائف لائن بنے گااورمستقبل میں پاک بحریہ کے لیے معاون ثابت ہوگا۔قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجیئرنگ ورکس کے مینیجنگ ڈائریکٹرنے KS&EWکی جہاز سازی کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کراچی شپ یارڈ فلیٹ ٹینکر کی تعمیر جیسے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے تربیت یافتہ عملے اور ساز وسامان سے پوری طرح لیس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں کراچی شپ یارڈ نے ٹیکسوں کی مد میں 300ملین روپے سے زیادہ کی ادائیگی کی ہے اور مالی سال 2012-13کے دوران 500ملین روپے سے زیادہ کا ریکارڈ منافع حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ ملک کے میری ٹائم سیکٹر کی جہازوں کی تعمیر ومرمت کے حوالے سے تمام ضروریات پوری کرنے کی اہلیت رکھتا ہے اور اس میدان میں مکمل خود انحصاری حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔تقریب میں پاکستان میں ترکی کے سفیر ، وزارت دفاع کے نمائندوں ، STMکے بورڈ ممبران اور سینئر نیول افسروں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :