پیپلز پارٹی والے معافی مانگ کر کبھی ملک سے نہیں بھاگے، اسی ملک میں رہ کر سیاست کریں گے، سینئر وزیر تعلیم نثار کھوڑو ، بھٹو خاندان ہمارا اثاثہ ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کا مشن جاری رکھیں گے، شہید عبداللہ مراد کی چھٹی برسی کے جلسے سے خطاب ،وفاداری، بہادری ، طاقت اور فیصلہ کرنے کی قوت بلاول بھٹو زرداری کے پاس ہے۔ بلاول بھٹو زرداری ملک کے اصل لیڈر ہیں، عبدالقادر پٹیل ، وزیراعظم کے پاس فیصلہ کرنے کی طاقت نہیں ہے۔ وہ طالبان کے لئے ایک دن دوسرا دن بیان دیتے ہیں اور دوسرے دن ان کا تیسرا بیان جاری ہوجاتا ہے،آصفہ بھٹو نے دس دن پہلے ایک بات کہی تھی کہ طالبان سے مذاکرات کرکے وقت ضائع کیا جارہا ہے اور آج یہ بات ثابت ہورہی ہے ،کراچی کی حلقہ بندیاں اس لئے کی گئی تھیں کہ عوام کا اصل مینڈیٹ سامنے لایا جائے۔ لیکن ایم کیو ایم حلقہ بندیوں کے خلاف عدالت میں چلی گئی

جمعرات 6 مارچ 2014 21:57

پیپلز پارٹی والے معافی مانگ کر کبھی ملک سے نہیں بھاگے، اسی ملک میں رہ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی والے معافی مانگ کر کبھی ملک سے نہیں بھاگے۔ یہ ملک ہمارا ہے اور اسی ملک میں رہ کر سیاست کررہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ بھٹو خاندان ہمارا اثاثہ ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کا مشن جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پیپلز پارٹی کے سابق رکن سندھ اسمبلی عبداللہ مراد کی چھٹی برسی کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت اور وفاق کی کڑی ہے۔ پہلے بھی عوام کے مسائل حل کئے ہیں اور آئندہ بھی عوام کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے شہید عبداللہ مراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لئے پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ اور ہزاروں کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

آج بھی ہم اس اجتماع میں عہد کرتے ہیں کہ شہداء کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی کراچی کے صدر قادر پٹیل نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے پاس فیصلہ کرنے کی طاقت نہیں ہے۔ وہ طالبان کے لئے ایک دن دوسرا دن بیان دیتے ہیں اور دوسرے دن ان کا تیسرا بیان جاری ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاداری، بہادری ، طاقت اور فیصلہ کرنے کی قوت بلاول بھٹو زرداری کے پاس ہے۔ بلاول بھٹو زرداری ملک کے اصل لیڈر ہیں۔ باقی جماعتوں کے لیڈرز ان کے فالو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کی بیٹی آصفہ بھٹو نے دس دن پہلے ایک بات کہی تھی کہ طالبان سے مذاکرات کرکے وقت ضائع کیا جارہا ہے اور آج یہ بات ثابت ہورہی ہے اور سب لوگ یہ باتیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر بلاول بھٹو سے 5 فیصد بھی سیکھ لیں تو وہ لیڈر بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی حلقہ بندیاں اس لئے کی گئی تھیں کہ عوام کا اصل مینڈیٹ سامنے لایا جائے۔ لیکن ایم کیو ایم حلقہ بندیوں کے خلاف عدالت میں چلی گئی کیونکہ وہ عوام کا اصل مینڈیٹ سامنے لانا نہیں چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب لیاقت آباد، ناظم آباد اور گارڈن میں کم آبادی پر مشتمل یونین کونسلیں بن سکتی ہیں تو ملیر میں کم آبادی پر یونین کونسلوں پر اعتراض کیوں کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ملیر کو کراچی سے باہر رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب 100 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر گرفتار کیا جاتا ہے تو کراچی آپریشن پر سیاست شروع ہوجاتی ہے۔ ہمارے بھی سینکڑوں کارکنان گرفتار ہوئے لیکن ہم نے کراچی میں احتجاج نہیں کیا۔ کیونکہ ہم کراچی میں امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان اور ظالمان میں فرق نہیں۔

دونوں کو مارنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاست خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جلسے میں بیٹھے لوگ کے ایم سی کے ملازم نہیں جو جی بھائی ہیں بلکہ یہ جلسے میں بیٹھے لوگ پی پی پی کے جیالے ہیں۔ جلسے سے راشد ربانی، سلمان عبداللہ مراد، نعمان عبداللہ مراد، عبدالرزاق راجہ، راشد ربانی، جاوید ناگوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور پیپلز پارٹی کے رہنما شہید عبداللہ مراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔