حکومت نے قومی اسمبلی سے منظور ہونیوالے تین بل سینیٹ میں پیش کر دئیے ،ایوان کی کثرت رائے سے چیئرمین سینیٹ نے بل غور کیلئے متعلقہ سینیٹ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دئیے

جمعرات 6 مارچ 2014 20:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) حکومت نے قومی اسمبلی سے منظور ہونیوالے تین بل سینیٹ میں پیش کر دئیے ایوان کی کثرت رائے سے چیئرمین سینیٹ نے بل غور کیلئے متعلقہ سینیٹ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دئیے ۔ جمعرات کو چیئرمین نیئر حسین کی زیر صدارت سینیٹ اجلا س میں وزیر اطلاعات و قانون ، انصاف و انسانی حقوق پرویز رشید نے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے موجودہ حکومت کے لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بارکونسلز (ترمیمی بل2014)،وفاقی عدالت ایکٹ 1937ء کی تنسیخ کا بل 2014ء اور نیشنل جو ڈیشل (پالیسی سازی) ترمیمی بل 2014ء ایوان میں پیش کر دئیے۔

وفاقی وزیر پرویز رشید نے اصرار کیا کہ قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن متفقہ طور پر یہ بل منظور کر چکی ہیں اس لئے ان مسودہائے قانون کو دوبارہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوانے کے بجائے اگر کوئی ترمیم کی ضرورت ہے تو ایوان میں ترمیم پیش کر دی جائے۔

(جاری ہے)

جس پر قائد حزب اختلاف اعتراز احسن نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بل یقینا حکومت اور اپوزیشن کے اتفاق رائے سے منظور ہوئے ہیں مگر ان مسودہ ہائے بلز میں غلطیاں موجود ہیں ۔ سینیٹ کا قانون سازی کا اپنا طریقہ کار اور استحقاق ہے جس پر چیئرمین سینیٹ نے ایوان کی کثرت رائے سے تینوں بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے۔اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر چیئرمین نیئر حسین بخاری نے سینیٹ اجلاس جمعہ کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔