امریکہ کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے ٹیکسٹائل برآمدات پرخصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے،اسحاق ڈار، اہم تجارتی شراکت دار کے ساتھ تعلقات میں وسعت کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع تلاش کئے جائیں، اجلاس سے خطاب، پاک امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کے اگلے دور کیلئے تجاویز مرتب کرناشروع کردی ہیں،وزیرخزانہ کووزارت تجارت کے حکام کی بریفنگ

بدھ 5 مارچ 2014 21:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2014ء) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے امریکہ کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے ٹیکسٹائل برآمدات پرخصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ اہم تجارتی شراکت دار کے ساتھ تعلقات میں وسعت کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع تلاش کئے جائیں،جبکہ وزارت تجارت کے حکام نے کہاہے کہ وزارت خارجہ کی مشاورت سے تجارت کے حوالے سے پاک امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کے اگلے دور کیلئے تجاویز مرتب کرناشروع کردی ہیں۔

وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت پاکستان اورامریکہ کے درمیان دو طرفہ اقتصادی اورتجارتی تعلقات کاجائزہ لینے کیلئے وزارت خزانہ میں بدھ کواہم اجلاس منعقد ہوا سیکرٹری تجارت قاسم نیاز نے وزیرخزانہ کوتجارتی تعلقات کووسعت دینے کے سلسلہ میں پاک امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کی صورتحال سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کی بحالی کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کوتوسیع دینے کی غرض سے مواقع میسرآئے ہیں انہوں نے وزیرخزانہ کو آگاہ کیا کہ وزارت تجارت وزارت خارجہ امور کی مشاورت سے امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات کے اگلے دور کیلئے تجاویز مرتب کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ امریکہ پاکستان کااہم تجارتی شراکت دار ہے ہمیں زیادہ سے زیادہ مواقع کے حصول کیلئے تمام راستے تلاش کرنے چاہئیں ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کے ٹیکسٹائل مصنوعات کاسب سے بڑا درآمد کنندہ ہونے کے ناطے ہمیں ٹیکسٹائل اور اس سے متعلقہ برآمدات پرخصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہیے اجلاس میں وزیرتجارت خرم دستگیر، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل اوردیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔