چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ، صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں 10سے 16مارچ تک ہفتہ صفائی منانے کا فیصلہ ،سیکرٹری صحت نے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے پرنسپلز،ڈی سی اوز ،ای ڈی اوز اور ڈویژنل ڈائریکٹرز ہیلتھ کو مراسلہ جاری کردیا

بدھ 5 مارچ 2014 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2014ء) چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں 10مارچ سے16مارچ تک ہفتہ صفائی منایا جائے گا۔ سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ نے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کے پرنسپلز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ، تمام اضلاع کے ڈی سی اوز ، ڈویژنل ڈائریکٹرز اور ای ڈی اوز صحت کو ایک مراسلہ کے ذریعے چیف سیکرٹری کے احکامات سے مطلع کردیاہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال سروس ڈلیوری سٹینڈرڈز کے مطابق نہیں ہے جسے بہتر بنانے کے لیے 10مارچ سے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہفتہ صفائی منایا جائے گا جس کا افتتاح مقامی عوامی نمائندے ،ڈی سی اوز اور کمشنرز کریں گے۔ مراسلہ میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ہفتہ صفائی کی اعلیٰ سطح پر نگرانی کی جائے گی اور اختتام ہفتہ پر ایک رپورٹ متعلقہ ڈی سی او اور دیگر افسران سیکرٹری آئی اینڈسی اور سیکرٹری صحت پنجاب کے دفتر کو ارسال کریں گے۔ علاوہ ازیں ہفتہ صفائی منانے کے بعد بھی ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال کو مطلوبہ معیار پر برقرار رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :