حکومتی اورطالبان کمیٹی کے ارکان کل وزیراعظم سے ملاقات کریں گے

بدھ 5 مارچ 2014 18:51

حکومتی اورطالبان کمیٹی کے ارکان کل وزیراعظم سے ملاقات کریں گے

نوشہرہ(رحمت اللہ شباب.اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2014ء) طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ حکومتی اور طالبان کمیٹی کے ارکان کل وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے، اگر ملاقات میں مقتدرقوتیں بھی شامل ہوجائیں توکام آسان ہوجائے گا۔ انہوں نے یہ بات نوشہرہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس سے قبل نوشہرہ میں حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کی ملاقات ہوئی جس کے بعد مشترکا اعلامیہ جاری کیا گیا۔

عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے پہلے مرحلے میں رابطہ کاری کی، اب نیا مرحلہ فیصلہ سازی کا ہے۔

(جاری ہے)

نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق کے گھر پر طالبان اور حکومتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

بعد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ بارہ، تیرہ سال کی جنگ آسانی سے ختم نہیں ہوگی، سب کو حوصلہ رکھنا ہوگا ، قوم مایوس نہ ہو۔ انہوں نے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے دباوٴ کے باوجود مذاکرات کو ترجیح دی۔

مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے کالعدم تحریک طالبان نے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، انہیں آئندہ بھی ہونے والے واقعات کی پر زور مذمت کرنا ہوگی، پہلے ہی کہا تھا دشمن دھماکے کرکے مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش کرینگے، فیصلوں کا وقت آگیا ہے، حکومت طالبان اور مقتدر قوتیں نے مسئلہ حل کرنا ہے۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے نتائج تسلی بخش ہیں،دوسرے مرحلے میں مذاکرات کو مزید موٴثربنایا جائے گا،پہلا دور باہمی مشاورت کا دور تھا، رابطہ کاری کا دور تھا، وہ ختم کرلیا ہے، اب فیصلہ سازی کے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں کمیٹیوں نے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جس میں مذاکرات کو موٴثر بنانے کے لیے حکمت عملی طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :