خانہ بدوش پاکستانی شہری اور خوبصورت ومخصوص رنگارنگ ثقافت کے آئینہ دار ہیں‘ وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب

بدھ 5 مارچ 2014 17:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مارچ 2014ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ خانہ بدوش پاکستانی شہری اور خوبصورت ومخصوص رنگا رنگ ثقافت کے آئینہ دار ہیں، حکومت پنجاب ثقافت کے فروغ اور اسے محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ خانہ بدوشوں کو شناخت اور دیگر سہولتیں دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کے روز چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں” جپسی میلہ“ کے دوسرے دن افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر محمد نعیم، ڈی ای او سوشل ویلفیئر اور این جی او ”گود“ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نذیر احمد غازی کے علاوہ مختلف لیبرتنظیموں و این جی اوز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے فیتہ کاٹ کر میلے کا باقاعدہ افتتاح کیا اوریہاں لگائے سٹالوں پر خانہ بدوشوں کی تیار کردہ دستکاریوں اور پارچہ جات دیکھے۔

انہوں نے خانہ بدوشوں کے دلکش ہنر کو بے سراہا ۔ انہوں نے مختلف اداروں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں پر مصنوعات کے معیار کو بھی سراہا۔ راجہ اشفاق سرور نے انسداد منشیات کے حوالے سے لگائے سٹال پر یہاں دی جانے والی خدمات بارے تفصیلات سے آگاہی حاصل کی۔ راجہ اشفاق سرور نے خانہ بدوشوں کی شناخت اور ان کے حقوق کی نشاندہی کے لیے این جی او”گود“ کی کاوشوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ خانہ بدوش اپنی قدیم روایات کے مطابق ایک جگہ سے دوسری جگہ ہجرت کرتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے مستقل پتے نہ ہونے کی وجہ سے ان کے شناختی کارڈ کے اجراء میں مشکل پیش آتی ہے تاہم اس رنگا رنگ میلے میں خانہ بدوشوں کے بچوں کے اندراج سے پاکستانی شہریت کے حصول کے حوالے سے بہترین کام انجام دیا جارہاہے۔ میلے میں ملک بھر سے آئے خانہ بدوشوں نے اپنے روایتی رنگا رنگ ملبوسات میں مخصوص فنون کا مظاہرہ کیا اور اپنے دستکاریوں ، گلوکاری اور ہنر کے ذریعے اپنی ثقافت کا بھرپور انداز میں اظہار کیا۔ جپسی میلے کے انعقاد کا مقصد خانہ بدوشوں کے مسائل کی نشاندہی اور متعلقہ اداروں کی جانب سے ان کے مسائل کے حل اور معاشرتی حوالے سے پائی جانے والی تفریق کو کم کر نا تھا ۔

متعلقہ عنوان :