وزیراعظم کی جانب سے طالبان کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کافیصلہ خوش آئند ہے‘ جماعت اسلامی پنجاب

بدھ 5 مارچ 2014 17:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مارچ 2014ء) )قائم مقام امیر جماعت اسلامی پنجاب امیرالعظیم اور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کی جانب سے طالبان کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کافیصلہ خوش آئند ہے، اس سے دشمن طاقتیں جو مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں کو ناکامی ہوگی، پاکستان کے حالات مزید کسی بھی قسم کے آپریشن کی اجازت نہیں دیتے، ہمیں معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کرناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پائیدار اورمستقل امن پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔وزیر اعظم خود بھی مذاکراتی عمل کا حصہ بنیں۔9/11کے بعد سے شروع کی جانے والی جنگ پاکستان کے گلی محلوں میں لڑی جارہی ہے۔وقت آگیا ہے کہ حکومت لاکھوں قبائلی عوام کے ساتھ اخلاص کامظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کوکامیاب بنائے۔

(جاری ہے)

ملک وقوم مزیدعدم استحکام کے متحمل نہیں ہوسکتے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہاکہ میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان میں موجود 21بھارتی قونصل خانے پاکستان کے حالات خراب کررہے ہیں۔

پاکستان کے خفیہ اداروں کوچاہئے کہ وہ راء،سی آئی اے اور موساد کی کاروائیوں اور ان کے ایجنٹوں کوبے نقاب کریں۔وزیرستان میں آپریشن کامطالبہ کرنے والے درحقیقت ریمنڈڈیوس نیٹ ورک سے توجہ ہٹاکرملک کے اندرخانہ جنگی جیسی صورتحال پیداکرنا چاہتے ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور طالبان دشمنوں کی سازشوں کوناکام بناتے ہوئے مذاکراتی عمل کو جلداز جلد نتیجہ خیز بنائیں۔پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور اس کی سلامتی کا دارومدار امن سے مشروط ہے۔جماعت اسلامی ملک میں امن کی خواہاں اور اس کے لئے مذاکرات کے عمل کوکامیاب دیکھنا چاہتی ہے۔