آسکرز کی تصویر نے اوبامہ کاریکارڈتوڑ دیا

بدھ 5 مارچ 2014 13:49

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مارچ 2014ء)ہالی ووڈ اسٹارز کی ایک ’سیلفی‘ ٹوئٹر کی تاریخ میں سب سے زیادہ ری ٹویٹ کی جانے والی تصویر بن گئی ہے۔یہ تصویر اس قدر ری ٹویٹ کی گئی کہ تھوڑی دیر کے لیے ٹوئٹر کی خدمات بھی متاثر ہو گئی۔واضح رہے کہ سیلفی انگریزی زبان میں در آنے والا نیا لفظ ہے اور یہ اس تصویر کے لیے استعمال ہوتا ہے جو صارف خود موبائل فون یا چھوٹے کیمرے سے لے کر سوشل میڈیا پر ڈال دیتا ہے۔

اس تصویر کو 86 ویں آسکرز کی میزبان مزاحیہ فنکار ایلن ڈی جینیرس نے پروگرام کے آغاز سے ذرا قبل پوسٹ کیا تھا۔تصویر میں میزبان کے علاوہ جنیفر لارنس، میرل اسٹریپ، کیون سپیسی، جولیا رابرٹس، بریڈ پٹ، بریڈ لی کوپر اور بہترین معاون اداکارہ لوپیٹا نیونگو جیسی معروف شخصیتیں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس تصویر کے پوسٹ کیے جانے کے صرف 40 منٹ بعد ہی 2012 میں دوبارہ صدر منتخب ہونے پر صدر براک اوباما اور میشیل اوباما کی تصویر کی سب سے زیادہ ری ٹویٹ کی جانے والی تصویر کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

آسکرز انعامات کی تقریب ختم ہوتے ہوتے اس تصویر کو 20 لاکھ سے زیادہ بار ری ٹوئیٹ کیا جا چکا تھا۔آسکرز تقریب کی میزبان نے ان ایک ارب لوگوں کو ترغیب دی جو آسکرز انعام کی تقریب دیکھ رہے تھے کہ وہ ان کی تصویر کو ری ٹویٹ کرکے تاریخ رقم کریں اور پھر انھوں نے ایک گھنٹے سے بھی کم وقفے کے بعد یہ اعلان کیا کہ ہدف پورا کر لیا گیا ہے۔ انھوں نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہاکہ ہم نے ٹوئیٹر کو کریش کر دیا ہے۔ تاہم انھوں نے بتایا کہ اس کی خدمات پھر سے بحال کر لی گئی ہیں۔