وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ایف ایٹ کچہری میں ناقص سکیورٹی انتظامات پر پولیس حکام کی سرزنش ،حملے میں ملوث گروہ کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم ،کچہری کی سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کی بھی ہدایت،پولیس نے 2 دہشتگردوں کو زخمی کیا جس پر حملہ آوروں نے خود کو اڑا دیا‘ پولیس حکام کا دعویٰ

منگل 4 مارچ 2014 23:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف ایٹ کچہری میں ناقص سکیورٹی انتظامات پر پولیس حکام کی سرزنش کی ، حملے میں ملوث گروہ کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اعلی سطح کا اجلاس وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے سانحہ اسلام آباد پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچہری میں دہشتگردی کی کوئی مخصوص اطلاع نہیں تھی۔ حملہ آوروں کے اعضا ء کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دئیے ہیں۔ پولیس حکام نے دعوی کیا کہ پولیس نے 2 دہشتگردوں کو زخمی کیا جس پر حملہ آوروں نے خود کو اڑا دیا۔ وزیر داخلہ نے ایف ایٹ کچہری میں ناقص سکیورٹی انتظامات پر پولیس حکام کی سرزنش کی اور کہا کہ حملہ آوروں کے ساتھیوں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے جبکہ ایف ایٹ کچہری میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے جائیں۔