وزیر داخلہ اسلام آباد کچہری کے حملہ آوروں کی تعداد بتا دیں تو ان کی اہلیت مان لیں گے‘ اعتزاز احسن،حملہ آور تھانے کے سامنے واردات کر کے چلے جاتے ہیں ،اتنی دیدہ دلیری حکومتی اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے ‘ رہنما پی پی

منگل 4 مارچ 2014 22:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حکومت عام شہریوں کو بھی تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، وزیر داخلہ اسلام آباد کچہری کے حملہ آوروں کی تعداد بتا دیں تو ان کی اہلیت مان لیں گے۔اعتزاز احسن پمز ہسپتال میں اسلام آباد کچہری دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اعتزاز احسن نے کہا کہ اسلام آباد کا سانحہ انتہائی قابل افسوس ہے ، واقعے کے بعد حکومت کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ وزارت داخلہ اتنی نا اہل ہے کہ ابھی تک حملہ آوروں کی تعداد تک نہیں بتا سکی۔ چودھری نثار قوم کو حملہ آوروں کی تعداد ہی بتا دیں تو اہلیت ان کی مان جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ ساری صورتحال پر سو رہے ہیں، حملہ آور تھانے کے سامنے واردات کر کے 3 گاڑیوں میں چلے جاتے ہیں اتنی دیدہ دلیری حکومتی اداروں کی بری طرح ناکامی کا ثبوت ہے۔