ایسا لگتا ہے حکمرانوں نے پاکستان کو طالبان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ‘ ڈاکٹر فاروق ستار،کچہری حملہ اسلام آباد پر قبضے کی تیاری کا اعلان ہے، عدلیہ پر حملہ پاکستان کی ریاست پر حملہ ہے‘ پارلیمانی لیڈر ایم کیو ایم ۔ تفصیلی خبر

منگل 4 مارچ 2014 22:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے پاکستان کو طالبان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،الطاف حسین کی قیادت میں ایم کیوایم نے پاکستان بچانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے ،ایم کیوایم کے تحت لاہور کے وحدت کالونی گراونڈ میں اتوار 9 مارچ کو صوفیائے کرام کانفرنس 2بجے شروع ہوگی جسکا مقصد ملک میں دہشت گردی کے خلاف شعور بیدار کرنا ہے، یہ کانفرنس لسانی ومذہبی بنیادوں پرپاکستان کی تقسیم درتقسیم کی سازش کوناکام بنادے گی۔

لاہور میں رابطہ کمیٹی کے ارکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ حکومت کی پالیسی دیکھتے ہوئے ایسا لگ رہا ہے کہ انہوں نے ملک کو طالبان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ہمیں پاکستان، جمہوریت اور اپنی تہذیب کو بچاناہے اور اس کے لئے سب کو اپنے گھروں سے نکلنا پڑے گا، الطاف حسین کی قیادت میں حق پرست عوام نے ملک بچانے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے ہم ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں تمام لوگ مرضی کے مطابق اپنے مذہب کا پرچار اور تبلیغ کرسکیں اور کوئی دوسرا ان پر زبردستی اپنا نظریہ مسلط نہ کرے۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے کہا کہ ایف ایٹ کچہری پر حملے کے ذریعے ایک خاص پیغام دیاگیا ہے ،دہشتگردوں کے اڈوں کے خاتمے کے بغیر دہشتگردی ختم نہیں ہو گی۔کچہری حملہ اسلام آباد پر قبضے کی تیاری کا اعلان ہے، عدلیہ پر حملہ پاکستان کی ریاست پر حملہ ہے، اب تو اسلحہ بردارعدالتوں اور قومی اسمبلی میں آکر بیٹھیں گے، عوام کو دہشت گردی کے خاتمے کے عمل میں شریک نہ کیا تو پاکستان پر دہشت گردوں کا قبضہ ہوگا۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ صوفیائے کرام کانفرنس کا مقصد ملک میں دہشتگردی کے خلاف شعور بیدار کرنا ہے، تمام پاکستانیوں کو برابر کے حقوق دیے جائیں، صوفیائے کرام کانفرنس لسانی و مذہبی بنیادوں پر پاکستان کی تقسیم در تقسیم کی سازش کو ناکام بنادے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس سے الطاف حسین بھی عوام خصوصا اہل پنجاب سے خطاب کریں گے۔

بڑی تعداد میں عوام کی شرکت بتائے گی کہ یہ 18کروڑ عوام کا پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو چن چن کر قتل کرنا شروع کر دیا ہے، گزشتہ ایک ہفتے میں ہمارے 12سے زائد کارکنان کو قتل کیا گیا، ایم کیو ایم کے مرکز فیڈرل بی ایریا میں ہمارے کارکن کو قتل کیاگیا،اس مذاکرات کی پالیسی کی وجہ سے تحریک طالبان نے حکومت کو اپنی انگلیوں پرنچایا۔