پائیدار اور مستقل قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وزیر اعظم کی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو کام جاری رکھنے کی ہدایت ،کمیٹی نے وزیرا عظم کو اپنی طرف سے آئندہ کے موثر لائحہ عمل کے بارے میں تجاویز پیش کیں،حکومتی کمیٹی کے ارکان کامشاورتی اجلاس بھی ہوا ،کمیٹی کے مستقبل سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا،وزیراعظم نے کمیٹی کو اپنا مشاورتی عمل جاری رکھنے کی ہدایت کردی ، طالبان کی رابطہ کار کمیٹی سے ایک دو روز میں رابطہ کیا جائیگا ‘ عرفان صدیقی ،حکومتی جواب کے منتظر ہیں، مذاکرات سے متعلق مشاورت مکمل کرلی ہے کسی بھی وقت کہیں بھی بیٹھنے کوتیارہیں‘ مولانا یوسف شاہ۔ تفصیلی خبر

منگل 4 مارچ 2014 22:33

پائیدار اور مستقل قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وزیر اعظم کی حکومتی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار اور مستقل قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔جبکہ حکومت کی تشکیل کردہ مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد بھی منعقد ہوا جس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے فائر بندی کے اعلان ، خیبر ایجنسی اور اسلام آباد کے واقعات کا جائزہ لیاگیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سے کمیٹی کے ارکان وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور و کوار ڈی نیٹر عرفان صدیقی ، میجر (ر)محمد عامر ، رستم شاہ مہمند اور رحیم اللہ یوسف زئی نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے وزیرا عظم کو اپنی طرف سے آئندہ کے موثر لائحہ عمل کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار اور مستقل امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہر سطح پر کوششیں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم نے حکومتی کمیٹی کو طالبان سے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ حکومتی کمیٹی کے ارکان کاوزیر اعظم سے ملاقات سے قبل مشاورتی اجلاس بھی ہوا جس میں کمیٹی کے مستقبل سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ فائر بندی کے اعلان کے بعد اس طرح کے واقعات کا جاری رہنا قیام امن کیلئے مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچائے گا۔

کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر عرفان صدیقی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ وزیراعظم نے کمیٹی کو اپنا مشاورتی عمل جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے، طالبان کی رابطہ کار کمیٹی سے ایک دو روز میں رابطہ کیا جائے گا۔دوسری طرف طالبان کمیٹی کے کوار ڈی نیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ ہم بھی حکومتی جواب کے منتظر ہیں، ہم نے مذاکرات سے متعلق مشاورت مکمل کرلی ہے کسی بھی وقت کہیں بھی بیٹھنے کوتیارہیں۔