سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پانی وبجلی کا اجلاس وفاقی وزیر اور سیکریٹری وزارت کی عدم شرکت کی وجہ سے احتجاجاً ملتوی،شوکازنوٹس جاری کرنے کافیصلہ، آئندہ اجلاس میں تحریری طور پر اطمینان بخش جواب نہ دینے پر سخت کاروائی کی جائیگی،چیئر مین سینیٹر زاہد خان

منگل 4 مارچ 2014 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پانی وبجلی کا اجلاس وفاقی وزیر اور سیکریٹری وزارت کی عدم شرکت کی وجہ سے احتجاجاً ملتوی، چیئرمین کمیٹی نے قرار دیا کہ سیکریٹری وزارت پانی و بجلی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائیگا اگر سیکریٹری وزارت اگلے اجلاس میں تحریری طور پر اطمینان بخش جواب نہ دے سکے تو قواعد کے تحت سخت کاروائی کی جائے ۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پانی وبجلی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں چیئر مین سینیٹر زاہد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین نثار خان ، گل محمد لاٹ ، سیف اللہ مگسی ، محسن خان لغاری ہری رام ، چیئر مین واپڈا سید راغب شاہ ، ایم ڈی این ٹی ڈی سی ، خواجہ نعیم اور دوسرے حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

چیئر مین قائمہ کمیٹی سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ قائمہ کمیٹی گزشتہ تین ماہ سے نیلم جہلم ٹرانسمیشن منصوبہ کی چھان بین کر رہی ہے ۔

نیلم جہلم ٹرانسمیشن منصوبہ پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک پارٹی کو دیا گیا ۔ قائمہ کمیٹی نے اعتراض کیا اور وزارت قانون سے رائے بھی طلب کی ۔ نیلم جہلم ٹرانسمیشن منصوبہ کو واپڈا کے حوالے نہ کرنے کی منظوری این ٹی ڈی سی بورڈ نے بھی دی مگر وزارت پانی و بجلی نے غیر قانونی طور پر ٹرانسمیشن منصوبہ واپڈا کے حوالے کر دیا ۔ منصوبہ واپس این ٹی ڈی سی کو دے کر دوبارہ پیپرا رولز کے تحت مشتہر کر کے کامیاب بولی دہندہ پارٹی کو دیا جائے جس کی کمیٹی کے تمام ممبران نے متفقہ تائید کی ۔

چیئر مین کمیٹی سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ کمیٹی کا ایجنڈا وفاقی وزیر اور وفاقی سیکریٹری کے نہ آنے کی وجہ سے بڑھتا جار ہا ہے اور کوئی کام نہیں ہو رہا ۔کمیٹی کے ممبران ہر اجلاس میں موجود ہوتے ہیں اور وفاقی وزیر اور سیکریٹری مسلسل غیر حاضر ہیں ۔ حالانکہ وفاقی وزیر اور سیکریٹری کی شرکت کی یقین دھانی پر اجلاس کی تاریخ طے کی جاتی ہے لیکن افسوس ہے کہ وزیر اعظم کے اہم اجلاس کا بہانہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دن ہی بنایا جاتا ہے ۔

سینیٹر محسن لغاری نے کہا کہ حکومتی وزارء اور وزارتوں کو ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے پارلیمنٹ سے تعاون کرنا چاہیے ۔سینیٹر نثار خان نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری وزارت پانی و بجلی کی کمیٹی اجلاس میں مسلسل غیر حاضری پارلیمنٹ کے وقار میں کمی کے برابر ہے اور یہ رویہ مثبت نہیں ۔ گل محمد لاٹ ، ہری رام اور سیف اللہ مگسی نے بھی سیکریٹری کے عدم تعاوٴن پر احتجاج کیا۔

کمیٹی کے جلاس میں واپڈا چیئر مین سید راغب شاہ اور چیئر مین قائمہ کمیٹی سینیٹر زاہد خان کے درمیان نیلم جہلم منصوبہ کے حوالے سے بحث بھی ہوئی ۔ چیئر مین واپڈانے کہا کہ واپڈا ایکٹ کے تحت ٹرانسمیشن لائن کا اختیار حاصل ہے ۔ منصوبہ پر 60فیصد کام مکمل ہو چکا۔ چین کے ساتھ معاہدہ کی خلاف ورزی نہیں کی جا سکتی منصوبہ پیپرا رولز کے تحت ہے ۔ واپڈا قائمہ کمیٹی کو کاغذات فراہم کرنے پر راضی ہے بعض معاملات زبانی نہیں بتائے جا سکتے ۔

متعلقہ عنوان :