وزیراعظم آزادکشمیر کی صدارت اجلاس ،وفاقی حکومت سے بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے ،معاملات افہام و تفہیم سے طے کرنے کا فیصلہ

منگل 4 مارچ 2014 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4مارچ 2014ء) پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں حکومت پاکستان سے بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے اور وفاق سے معاملات افہام و تفہیم سے طے کرنے کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گزشتہ رات زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان اور سپیکر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی، پارلیمانی پارٹی ، ایم کیو ایم کے تمام ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف سے ہونے والی ملاقات اور بلاول ہاؤس کراچی میں سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور سے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی ملاقات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پارلیمانی پارٹی نے سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور کی طرف سے وفاقی حکومت سے بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے اور تمام معاملات باہمی اتفاق سے حل کرنے کی ہدایت پر عملدرآمد کا متفقہ فیصلہ کیا ۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا گیا اور پارٹی فیصلوں پر عملدرآمد کا اعادہ کیا گیا۔پارلیمانی پارٹی نے اجلاس میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار گیا اور سانحہ اسلام آباد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور ہلاک ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے۔ پارٹی لیڈر شپ نے پاکستان کے بہترین مفاد اور موجود صورتحال کے پیش نظر وفاق سے افہام و تفہیم سے معاملات طے کرنے کی جو ہدایات دیں ، حکومت ان پر بھرپور عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا محور و مرکز ہے۔

پاکستان ہمارے عقیدے کا حصہ ہے۔ پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے کشمیری اپنا لہو بہا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے جہاں مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے وہاں وہ پاکستان کے سیاسی اور معاشی عدم استحکام کی سازشیں کر رہا ہے۔ اہل کشمیر بھارت کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے اور بھارت کے منفی غزائم کو خاک میں ملادیں گے۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی پر بھارت کی مذمت کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے ، کشمیری عوام یہ منزل حاصل کرکے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :