صنعتوں کو ہفتہ میں ایک دن کی بجائے مسلسل گیس فراہم کی جائے‘ راجہ عدیل

منگل 4 مارچ 2014 14:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4مارچ 2014ء) تاجر رہنما وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدر راجہ عدیل نے منیجنگ ڈائریکٹر سوئی گیس کی جانب سے صنعتی شعبہ کو ہفتے میں ایک دن گیس فراہم کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتوں کو ہفتہ میں ایک دن کی بجائے مسلسل گیس فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور گیس کی بندش صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ،گیس بند ہونے سے صنعتی یونٹ بند اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے ۔

راجہ عدیل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صنعتی شعبہ کو ہفتہ میں صرف ایک یوم گیس کی فراہمی سے صنعتی ترقی اور پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ گیس سے چلنے والی انڈسٹریز ہفتے میں چھ یوم بند رہنے کی وجہ سے اپنی پیدواری استطاعت کے مطابق کام نہیں کرسکیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان گیس معاہدہ کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور اس میں پیدا شدہ رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ صنعتوں کو ان کی ضروریات کے مطابق گیس مسلسل فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ا س پروگرام پر نظر ثانی کرے اور انڈسٹریز کوضرورت کے مطابق گیس مسلسل فراہم کی جائے تاکہ صنعتی ترقی کیلئے حکومت کا ویژن مکمل ہوسکے ۔اس سے روزگار کے وافر مواقع بھی فراہم ہونگے اور بے روزگاری کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :