وزیراعلیٰ پنجاب کی ز یر صدارت صاف پانی پراجیکٹ کے حوالے سے ا جلاس ،منصوبے پر عملدرآمد کیلئے علیحدہ کمپنی بنانے کا فیصلہ ،صاف پانی پراجیکٹ پنجاب حکومت کا انقلابی منصوبہ ہے ،آئندہ ساڑھے 4 برس کے دوران صوبے کے ہر شہری تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائینگے،منصوبے کو عوامی تحریک کی صورت میں آ گے بڑھائیں گے،واٹر فلٹریشن پلانٹ کی آنر شپ کیلئے کمیونٹی کو شامل کیا جائے گا،صاف پانی پراجیکٹ پر قومی جذبے کے تحت کام کرنا ہوگا ، غفلت یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،صاف پانی پراجیکٹ کے لئے صوبے بھر میں جگہوں کا انتخاب کر لیا گیاہے‘ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی گفتگو

پیر 3 مارچ 2014 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ صاف پانی پراجیکٹ پنجاب حکومت کا ایک انقلابی اور نہایت اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کے تحت آئندہ ساڑھے 4برس کے دوران صوبے کے ہر شہری تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے، صاف پانی پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کے لئے علیحدہ کمپنی بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے ، تمام متعلقہ ادارے اور محکمے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے ایک وژن کے ساتھ آگے بڑھیں اور مربوط انداز کے ساتھ کام کریں، مفاد عامہ کے اس منصوبے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، صاف پانی پراجیکٹ کو تحریک کی صورت میں آگے بڑھائیں گے اور اس منصوبے کے لئے صوبے بھر میں جگہوں کا انتخاب کر لیا گیاہے۔

ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے سوموار کے روز یہاں صاف پانی پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ارکان قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف، راجہ جاوید اخلاص، میجر (ر) طاہر اقبال، صوبائی وزیر ہاؤسنگ و شہری ترقی تنویر اسلم، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، اراکین صوبائی اسمبلی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چےئرمین نیسپاک متعلقہ سیکرٹریوں اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔شہریوں کو بیماریوں سے بچاؤ کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ضروری ہے۔ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ہی صاف پانی پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے اس منصوبے پر انتہائی معیاری انداز اور برق رفتاری سے کام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ صاف پانی پراجیکٹ پر قومی جذبے کے ساتھ کام کیا جائے گا۔منصوبے میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ صاف پانی پراجیکٹ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے انقلابی پروگرام ہے۔ اس پروگرام پر کام کرنے والے متعلقہ محکموں کی ا ستعداد کار بڑھانے کی بھی ضرورت ہے اور پینے کے صاف پانی کی افادیت کو ڈینگی کی طرز پر نصاب کاحصہ بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ منصوبے پر کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور پینے کے صاف پانی کے فلٹریشن پلانٹ کی آ نر شپ کے لئے کمیونٹی کو شامل کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں بند پڑی وا ٹر سکیموں کا جامع سروے کر کے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبے کے لئے بین الاقوامی کنسلٹنٹ تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ صاف پانی پراجیکٹ پر عملدرآمد کیلئے چیک اینڈ بیلنس کاجامع نظام واضع کیا جا ئے گا۔ قبل ازیں ایم ڈی نیسپاک نے صاف پانی پراجیکٹ پر پیشرفت جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ نے بندواٹر سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔