اسلام آباد سانحہ کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت سیاسی و عسکری قیادت کا اجلاس ،طالبان کی جنگ بندی کے باوجود دہشتگردی کے واقعہ کا کھوج لگایا جائے ‘ وزیر اعظم کی ہدایت ،طالبان کی جنگ بندی اور مطالبات پر غور اور مذاکرات کی حکمت عملی بھی طے کی گئی،ذرائع ،ملکی سلامتی ہر صورت مقدم رکھی جائے گی اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘ وزیر اعظم نواز شریف

پیر 3 مارچ 2014 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2014ء) اسلام آباد کچہری میں خودکش حملوں کے بعد وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت سیاسی و عسکری قیادت کا اجلاس ہوا جس میں واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی، نواز شریف نے وزیر داخلہ کو طالبان کی جنگ بندی کے باوجود دہشتگردی کے واقعہ کا کھوج لگانے اوردہشتگردی کی روک تھام کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کی ہدایت کردی، طالبان کی جنگ بندی اور مطالبات پر غور اور مذاکرات کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔

ذرائع کے مطابق سوموار کے روز وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر دفاع خواجہ آصف وزیر خزانہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف آف جنرل سٹاف ‘ڈی جی آئی ایس آئی اور وزارت داخلہ کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اسلام آباد دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی، نواز شریف کا وزیر داخلہ سے کہنا تھا اس بات کی نشاندہی کی جائے طالبان کی جنگ بندی کے بعد دہشتگردی کس نے کی؟۔

وزیراعظم نے عسکری قیادت کو ہدایت کی کہ دہشتگردی کو روکنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کی جائے۔ نواز شریف نے کہا ملکی سلامتی ہر صورت مقدم رکھی جائے گی اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عسکری قیادت نے وزیراعظم کو داخلی سکیورٹی پر بریفنگ دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں طالبان کے فوجی نمائندوں سے ملاقات کے مطالبے پر غور کیا گیا اور مذاکرات کیلئے حکمت کو حتمی شکل دیدی گئی۔