خواتین کے عالمی دن کی تقریبات کے سلسلے میں مارچ کے پہلے ہفتے میں ”ہفتہ ترقی خواتین“منایا جائیگا

پیر 3 مارچ 2014 17:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مارچ 2014ء) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک اقبال چنٹر نے کہا ہے کہ خواتین کے عالمی دن کی تقریبات کے سلسلے میں مارچ کے پہلے ہفتے میں ”ہفتہ ترقی خواتین“منایا جائے گا، اس سلسلے میں صوبہ بھر کے سرکاری کالجوں اور نجی و پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیوں میں خواتین کے معاشرتی مقام میں بہتری لانے اور انہیں قومی سطح پرفیصلہ سازی کے عمل میں زیادہ موثر کردار تفویض کرنے کے حوالے سے یکم مارچ سے شروع ہونے والے ہفتے میں سیمینارز منعقد کرائے جائیں گے جبکہ 5مارچ تا 7 مارچ کو ضلعی اور ڈویژنل سطح پر خواتین کے حقوق سے عوام کی آگاہی مہم کے سلسلے میں مختلف تقریبات منعقد ہوں گی جن میں متعلقہ ضلع کے منتخب عوامی نمائندوں ، فلاحی تنظیموں اور متعلقہ سرکاری محکموں کے عہدیداروں کے علاوہ زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں رہنے والی خواتین شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

مختلف کالجوں سے آئی طالبات کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 مارچ کو انٹرنیشنل ویمن ڈے کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں خواتین کے حقوق کو تحفظ دینے کے بارے میں قانون کا نیا ترمیمی مسودہ منظور کیا جائے گاجبکہ لاہور میں صوبہ بھر سے اپنے اپنے شعبوں میں قابل قدر خدمات سرانجام دینے والی ماہر خواتین اور کھیت مزدوری سے لے کر بھٹہ خشت اور صنعتی اداروں میں دن رات محنت کر کے پاکستان کو خوشحالی سے ہمکنار کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے والی نمایاں خواتین کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جبکہ9 مارچ کو گورنر ہاؤس لاہور میں ویمن ایکسی لینس ایوارڈز کی تقریب منعقد ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل ویمن ڈے کے موقع پر خواتین کے حقوق کو تحفظ دینے والے ان اقدامات کے ہمارے معاشرے پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔