گریڈ1سے15تک کے کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی جائے‘ نذیر احمد جنجوعہ

پیر 3 مارچ 2014 14:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مارچ 2014ء) جماعت اسلامی پنجاب کے سیکر ٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے کنٹریکٹ ملازمین کی مدت میں توسیع نہ دینے سے سرکاری ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے،اس سے وفاقی حکومت اور اس سے متعلقہ نیم سرکاری اداروں وکارپوریشنز کے ہزاروں ملازمین کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے، ہوناتو یہ چاہئے تھا کہ بڑے بڑے اداروں میں اپنی مدت ملازمت پوری کرنے والے اورلاکھوں روپے تنخواہ کے عوض بھرتی کیے گئے کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کیا جاتا لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ حکومت نے چھوٹے سرکاری ملازمین کوایکسٹینشن نہ دے کر سراسر ناانصافی اور زیادتی کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ گریڈ1سے15تک چھوٹے ملازمین کے بے روزگار ہونے سے ملک میں بے روزگاری بڑھے گی۔

(جاری ہے)

مہنگائی نے پہلے ہی غریب عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔حکمرانوں کے ناعاقبت اندیش فیصلے ملک وقوم دونوں کے لئے نقصان کاباعث بنتے ہیں۔ملک میں اس وقت پہلے ہی سب سے بڑامسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری کاہے۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری ونیم سرکاری ملازمین کی مدت میں توسیع نہ دینے کے فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے۔مسلم لیگ (ن)نے11مئی کے انتخابی مہم کے دوران جووعدے کیے تھے ان کوپوراکیاجائے۔اداروں کی حالت زار میں کسی قسم کی بہتری نہیں آئی۔ملک میں اقرباء پروری کاخاتمہ ناگزیر ہے۔میرٹ پر بھرتیاں کرکے ہی ہم اداروں کومنافع بخش بناسکتے ہیں۔